اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران ملک کو درپیش سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کی تفصیلات کے حوالے سے دونوں جانب سے آگاہ نہیں کیا جارہا ہے تاہم وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیاں میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی سیکیورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے ایک مشیر کے مطابق اس ملاقات میں اہم مسائل پر بات چیت کی گئی ہے تاہم انہوں نے بھی ان ’مسائل‘ کی نوعیت بیان کرنے سے گریز کیا۔

واضح رہے کہ دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات اس وقت کی گئی ہے جس وقت مالی سال 2015-16 کی بجٹ تجاویز پر بحث کے لیے منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فوج حالیہ پیش کیے جانے والے بجٹ میں دفاعی اخراجات میں مبینہ اضافہ چاہتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جہاں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی مسئل کے حل کے لیے بات ہوئی وہاں ان کے درمیان ہندوستانی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کہ ’دوسرے ممالک کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے دہشت گردی ہی سہارا لینا ہوگا‘، پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں