شہرہ آفاق عظیم آسٹریلین باؤلر گلین میک گرا نے کہا کہ ورلڈ کپ 2003 میں سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے پر ہندوستانی شائقین نے مجھے اب تک معاف نہیں کیا گیا۔

مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج بھی بہت انڈین شائقین مجھے کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ 2003 میں ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے پر انہوں نے مجھے معاف نہیں کیا۔

ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں مجموعی طور پر 944 وکٹیں لینے والے آسٹریلین باؤلر نے کہا کہ ٹنڈولکر نے میری گیند پر چوکا لگایا لیکن اگلی گیند میں نے تھوڑی پیچھے کرائی اور ٹنڈولکر دوبارہ وہی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مجھے کیچ دے بیٹھے۔

``

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2003 کے فائنل میں ہندوستان کو 125 رنز سے شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیاب انداز میں دفاع کیا تھا۔ ٹنڈولکر 673 رنز بنا کر ایونٹ کے سب سے کامیاب بلے باز تھے لیکن فائنل میں ان کی اننگ صرف چار رنز تک محدود رہی تھی۔

سچن کے ساتھ اپنی جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے میک گرا نے 1999 کے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کا بھی ذکر کیا جب ٹنڈولکر کو کندھے پر گیند لگنے پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

’1999 کے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں میری گیند کو سچن نے ڈک کرنے کی کوشش کی لیکن گیند نے زیادہ باؤنس نہیں کیا اور گیند ان کے کندھے پر لگی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ کیا قرار دیا۔

اس موقع پر حاضرین کے سوال کے جواب میں میک گرا نے کہا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ٹنڈولکر کا قد چھوٹا تھا اس لیے جب گیند ان کے کندھے پر لگی تو وہ وکٹوں کے سامنے تھے اور میرے خیال میں گیند وکٹ پر لگ رہی تھی اس لیے یہ فیصلہ درست تھا۔

واضح رہے کہ ٹنڈولکر اس اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے اور ان کو آؤٹ قرار دینے پر ٹنڈولکر کے ساتھ ساتھ انڈین میڈیا نے بھی میک گرا اور امپائر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ٹنڈولکر نے اپنی کتاب میں بھی اس واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیند وکٹوں سے اوپر جا رہی تھی اور مجھے غلط آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں