جنوبی افریقی ٹیم کی بنگلہ دیشی فوج سے معافی

03 جولائ 2015
جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑی ڈھاکا میں پریکٹس سیشن کے دوران—۔فوٹو/ اے پی
جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑی ڈھاکا میں پریکٹس سیشن کے دوران—۔فوٹو/ اے پی

ڈھاکا:جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ بنگلہ دیش کے آغاز پر ڈھاکا میں پریکٹس سیشن کے دوران ڈرون استعمال کرنے اور قومی سلامتی کی خلاف ورزی پر بنگلہ دیشی فوج سے معافی مانگ لی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رواں ہفتے بدھ کو ہونے والے پریکٹس سیشن کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ کا گراؤنڈ اسٹاف اُس وقت حیران رہ گیا جب انھوں نے فضاء میں اڑتا ہوا ایک ڈرون دیکھا، جسے جنوبی افریقی ٹیم کے عہدیدار کنٹرول کررہے تھے۔

جس کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ انتظامیہ نے جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں کی تصاویر لینے والے ڈرون کے استعمال سے روک دیا۔

جنوبی افریقا کے ٹیم مینیجر محمد موسیٰ جی نے اپنے ایک ای میل پیغام میں کہا "پریکٹس سسیشن کے دوران کھلاڑیوں کی تصاویر لینے والا عملہ اپنے ساتھ ایک ڈرون بھی لے آیا تاکہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے کچھ تخلیقی مناظر اور تصاویر لی جاسکیں"۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم بنگلہ دیش کی فضائی حدود کے سخت حفاظتی پروٹوکول سے لاعلم تھے، جس کے بعد ہم نے اس ڈیوائس (ڈرون) کا استعمال بند کردیا"۔

محمد موسیٰ جی کا مزید کہنا تھا کہ "اس واقعے کی وجہ سے اگر کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا ہوئی ہوتو ہم بنگلہ دیشی فوج اور سیکیورٹی فورسز سے معافی طلب کرتے ہیں"۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "جنوبی افریقا کی ٹیم کو بتایا گیا کہ ڈرون کیمرے بعض پابندیوں کی وجہ سے استعمال نہیں کیے جاسکتے اور ہمیں خوشی ہے کہ انھوں نے اس بات کی حقیقی روح کو سمجھا"۔

کرکٹ بورڈ کے عہدیادار کے مطابق "سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ برس دسمبر میں قومی سلامتی اور حفاظت عامہ کے پیش نظر اپنی فضائی حدود میں تمام بغیر پائلٹ ہوائی گاڑیوں اور ڈیوائسز پر پابندی عائد کردی تھی"۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم رواں ہفتے 2 ٹی ٹوئنٹی انٹڑنیشنل، 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کے دورے پر موجود ہے۔

سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اتوار کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Hidayat Ullah Jul 03, 2015 08:28pm
Well done yasir shah.Keep it up.