وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گجرانوالہ میں حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین نہر سے 945 فٹ پہلے ہی ٹریک سے اتر گئی تھی جس کے واضح ثبوت مل گئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیرآباد کے قریب فوجیوں کو لے جانے والی خصوصی ٹرین کی چار بوگیاں نہر میں گرنے سے 19 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ اس حادثے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو مزید 72 گھنٹے دیئے گئے ہیں جن میں وہ اپنا کام مکمل کرے گی۔

مزید پڑھیں: گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں 19 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ نہر سے ٹرین 945 فٹ قبل ہی ٹریک سے اتر گئی تھی جہاں سے کھلے ہوئے نٹ بولٹ اور ٹوٹی ہوئی فش پلیٹیں مل گئی ہیں جب کہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ٹرین کی رفتار زیادہ تھی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی تخریب کاری کا عنصر موجود ہے۔

وزیر ریلوے کے مطابق ٹرین کا ڈرائیور فیصل آباد سے تبدیل ہوا تھا جو کہ 35 سال کا تجربہ رکھتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ حادثہ کی جگہ سے 26 کلومیٹر پہلے ایک اسٹاپ ڈیڈ ہے جہاں ہر حال میں ڈرائیور کو رک کر ایک رجسٹر پر دستخط کرنا تھے مگر اس کیس میں ڈرائیور وہاں نہیں رہا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے قبل اس ٹرین کو چلانے والے ڈرائیور کا بیان بھی جے آئی ٹی میں قلمبند کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی کی خصوصی ٹرینوں کے انجن میں ڈرائیور کے ساتھ ایک آرمی اہلکار بھی موجود ہوتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کے مطابق حادثے کے وقت اس ٹرین کے انجن میں بھی پاکستان آرمی کا ایک صوبیدار موجود تھا جس کا بیان ریکارڈ کر لیا گیاہے۔

حادثہ کا شکار ہونے والی ٹرین کے انجن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ انجن 1967 میں پاکستان ریلوے میں شامل کیا گیا اور 2003 میں اسے دوبارہ پندرہ سال کے لیے قابل استعمال بنایا گیا۔

ریلوے میں بیشتر پلوں کے خستہ حال ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان ریلویز میں مجموعی طور پر 13 ہزار 9 سو 59 پل ہیں جن میں سے صرف 159 پل ایسے ہیں جنہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے مگر وہ تاحال قابل استعمال ہیں کیونکہ ان سے ٹرین کو کم رفتار کے ساتھ گزارا جاتا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

MUHAMMAD AYUB KHAN Jul 06, 2015 03:53pm
terrorists ko kab pakrho gey
nasreen Jul 06, 2015 07:10pm
Why these politicians always have spoons in background?