امریکا خواتین کے فیفا ورلڈ کپ کا فاتح

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2015
امریکا کی خواتین فٹبال ٹیم ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکا کی خواتین فٹبال ٹیم ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

وینکوور: امریکا نے کارلی ایل لوئیڈ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت خواتین کے ورلڈ کپ فائنل میں دفاعی چیمپیئن جاپان کو 5-2 سے شکست دے کر 16 سال بعد عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس سے قبل امریکا نے 1999 میں آخری مرتبہ عالمی کپ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

کینیڈا کے شہر وینکوور میں جاری ورلڈ کپ کے فائنل میچ کی ابتدا سے ہی امریکا نے کارلی کی تباہ کن کارکردگی کی بدولت 2011 کی چیمپیئن ٹیم کے اوسان خطا کر دیے۔

لوئیڈ نے تیسرے، پانچویں اور 16ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور میچ کو ابتدا میں ہی یکطرفہ بنا دیا۔

میچ کے 14ویں منٹ میں لورین ہولی ڈے نے گول اسکور کیا لیکن دراصل میچ کا چوتھا اور لوئیڈ کا تیسرا گول دیکھنے تعلق رکھتا تھا جہاں انہوں نے 55 یارڈ کے فاصلے سے گیند کو گول میں پہنچا کر گراؤنڈ میں موجود 54 ہزار سے زائد شائقین کو دنگ کردیا۔

یہ خواتین کے عالمی کپ مقابلوں کے فائنل میں کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔

اس موقع پر میچ ختم ہونے میں کم و بیش 76 منٹ باقی تھے لیکن 4-0 کی سبقت کو دیکھتے ہوئے امریکی شائقین نے اپنی فتح کا جشن منانا شروع کردیا۔

بالآخر جاپانی اسٹرائیکرز نے میچ کے 27ویں منٹ میں یوکی اوگمی کی مدد سے پہلا گول اسکور کیا۔

ہاف ٹائم تک امریکا کو جاپان پر 4-1 کی سبقت حاصل تھی۔

جاپان کو میچ میں دوسری کامیابی 52ویں منٹ میں اس وقت ملی جب امریکی دفاعی کھلاڑی نے غلطی سے گیند کو خود ہی گول کی راہ دکھا دی۔

تاہم ابھی جاپانی کھلاڑیوں نے اس گول کا جشن منانا ختم بھی نہ کیا تھا کہ دو منٹ بعد ٹوبن ہیتھ نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری مستحکم کر کے اسکور 5-2 کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

امریکی صدر بارک اوباما نےبھی ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس آنے پر دعوت دی۔

اس فتح کے ساتھ ہی امریکا نے گزشتہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جاپان کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لے لیا۔

2011 کے عالمی کپ کے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ مقررہ وقت تک برابر رہا جبکہ ایکسٹرا ٹائم میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول اسکور کردیا جس کے بعد مقابلے کا فیصلہ پینالٹی شوٹ پر ہوا۔

پینالٹی شوٹ پر امریکا نے اپنی ابتدائی تینوں شوٹ ضائع کردیں اور جاپان نے 3-1 سے فتح اپنے نام کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں