اظہر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کیلئے پرامید

28 جولائ 2015
اظہر علی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
اظہر علی۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: سری لنکا کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3-2 سے شکست دینے کے بعد پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے قائد اظہر علی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی قومی ٹیم کی فتح کیلئے پرامید ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 30 اگست سے ہو گی جہاں سیریز کا دوسرا میچ یکم اگست کو کھیلا جائے گا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کو 2-0 سے شکست دے گا۔

سری لنکا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں 165 رنز کے بھاری مارجن سے بدترین شکست کے سوال پر کپتان نے شکست کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم اس میچ میں توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔

انہوں نے کہا کہ ایک پیشہ ورانہ کرکٹر کی حیثیت سے ہمیں یہ کہنا زیب نہیں دیتا کہ ہم تھکے ہوئے تھے یا زیادہ اعتمادی کا شکار تھے۔ آخری میچ میں ہم اپنے معیار کے مطابق کھیل نہیں پیش کر سکے۔

اس سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم شدید دباؤ کا شکار تھی کیونکہ پاکستان کی 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا دارومدار اس سیریز کے نتیجے پر منحصر تھا۔

اظہر نے تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً ہم پر بہت دباؤ تھا لیکن تمام کھلاڑیوں نے سخت محنت کی اور سیریز کے نتیجے کی پیچیدگیوں کے بارے میں سوچنے کے بجائے ہر میچ پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔

سیریز کے پہلے میچ کے مین آف دی میچ محمد حفیظ پر دوسرے میچ کے بعد باؤلنگ کی ایک سالہ پابندی نے پاکستان کی مشکلات میں کافی اضافہ کردیا.

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ حفیظ پر پابندی ایک بہت بڑا دھچکا تھا۔ ہم ایک اضافی باؤلر کے ساتھ کھیلنا چاہتے تھے جس کی وجہ سے بابر اعظم کو آرام کرانا پڑا لیکن ہماری نظر میں سرفراز ہی وہ کھلاڑی تھے جس پر ہم انحصار کر سکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز اسپن کو بہت اچھے طریقے سے کھیلتے ہیں اور سنگل باآسانی لے سکتے ہیں، وہ ایک بہترین ٹیم مین ہیں، ہم نے ان سے صرف ایک مرتبہ کہا اور وہ اوپر کے نمبر پر کھیلنے کیلئے تیار ہو گئے۔

سرفراز کی تعریف کرتے ہوئے اظہر نے مزید کہا کہ جس طرح انہوں نے ذمے داری لیتے ہوئے چوتھے نمبر پر اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ہمیں اپنے منصوبہ کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد فراہم کی۔

اظہر نے ٹیم کے جارحانہ انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوچز نے پریکٹس سیشن میں ہمارے ساتھ بہت سخت محنت کی اور جس طرح کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز میں کارکردگی دکھائی، اس پر میں بہت خوش ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں