ملاعمر کی ہلاکت پر پاکستان کا تبصرے سے گریز

30 جولائ 2015
اطلاعات کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ ۔۔۔ فائل فوٹو: اے پی پی
اطلاعات کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ ۔۔۔ فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے ملا عمر کی ہلاکت کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملا عمر کی موت کی افواہوں کے بارے میں اطلاعات کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : افغان حکومت کی ملا عمر کے انتقال کی تصدیق

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، اس مقصد کے لیے مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہے ہیں، ابھی ان افواہوں پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔

مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کی تاریخ اور ایجنڈے کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہ سکتا۔

ہندوستان میں ہونے والے حملے سے قاضی خلیل اللہ کا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گرداسپور حملے کی مذمت کی لیکن بدقسمتی سے پاکستان پر الزامات کا سلسلہ اس وقت ہی شروع ہوگیا جب ان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بھی مکمل نہیں ہوا تھا۔

مزید پڑھیں : انڈین پنجاب میں حملہ کرنے والے مسلمان تھے، پولیس

قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ورکنگ باونڈری اور ایل او سی پر ہندوستانی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

قاضی خلیل اللہ نے بتایا کہ پاک ہند قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کے لیے دونوں ممالک رابطے میں ہیں، ابھی ملاقات کی تاریخوں کا تعین نہیں کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں