ملنگا کو اپنی برطرفی کا خدشہ

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2015
لاستھ ملنگا پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 46 رنز دے کر سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی
لاستھ ملنگا پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 46 رنز دے کر سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے تھے۔ فوٹو اے ایف پی

کولمبو: سری لنکن کپتان لاستھ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کا ذمے دار خود کو قرار دیتے ہوئے خدشتہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں قیادت سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو باآسانی 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان کے خلاف شکست کے بعد ملنگا نے بیان دیا میں ذاتی طور پر اس شکست کی ذمے داری لیتا ہوں اور کپتان ہونے کے باوجود موجودہ کارکردگی کی وجہ سے اس وقت میری ٹیم میں جگہ خطرات سے دوچار ہے۔

میچ میں ملنگا سری لنکا کے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے اور انہیں اپنے چار اوور کے کوٹے میں 46 رنز کی پٹائی برداشت کرنی پڑی جبکہ وہ صرف ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں زیادہ اچھی باؤلنگ نہیں کر سکا، ٹی ٹوئنٹی میں ایک تجربہ کار باؤلر ہونے کے باوجود میں ٹیم کیلئے کچھ نہ کر سکا، دیگر تمام نوجوان باؤلر ہیں اور سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں، اگر ہمیں میچز جیتنے ہیں تو مجھے بہتر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

گزشتہ سال انجری کے بعد ملنگا کی باؤلنگ کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ان کی باؤلنگ میں پہلے جیسی کاٹ بھی برقرار نہیں رہی، یہی وجہ ہے کہ انہیں ایک روزہ سیریز میں واجبی کارکردگی پر پانچویں میچ کیلئے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

ملنگا نے کہا کہ میں تسلسل سے باؤلنگ نہیں کر پا رہا اور اس وقت مجھے اس سلسلے میں جدوجہد کا سامنا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کے اختتامی اوورز میں یارکر ملنگا کا سب سے کامیاب اور خطرناک ہتھیار رہی ہے اور انہوں نے اپنے اس ہتھیار کی مدد سے سری لنکا کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اب ان کی وہ یارکر بھی دیکھنے میں نظر نہیں آتی۔

وہ ان دنوں اپنی باؤلنگ کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں ہیں اور حتیٰ کہ سری لنکن چیف سلیکٹر بھی اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر ملنگا زیادہ عرصہ ٹیم میں نہیں رہ سکتے، جس کے بعد خود فاسٹ باؤلر بھی یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں مجھ سے بہتر باؤلر ہو سکتا ہے، میں یہ معاملہ سلیکٹرز کو سونپتا ہوں، وہ مجھے کسی بھی وقت ٹیم سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کون ہیں لیکن کسی کو بھی اس بات کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی کہ آپ کتنے عرصے تک سری لنکا کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں