ٹی ٹوئنٹی فتح کے ساتھ کئی ریکارڈ پاکستان کے نام

02 اگست 2015
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے پی
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے پی

کولمبو: سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 46 کا ہندسہ پاکستانی ٹیم کیلئے خوش قسمتی کی علامت بن گیا تو وہیں انور علی نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اہنے نام کر لی۔

سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر پاکستانی ٹیم 40 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر شکست کے دہانے پر پہنچ چکی تھی۔

لیکن اس موقع پر کپتان شاہد آفریدی اور انور علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ کی ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 46 کا ہندسہ پاکستانی ٹیم کیلئے خوش قسمتی کی علامت بنا رہا جہاں پہلے میچ میں احمد شہزاد، شعیب ملک اور عمر اکمل نے 46 رنز کی اننگ کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ دوسرے میچ کے مرد میدان انور علی نے بھی 17 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی باری کھیل کر میدان مارا۔

اس اننگ کے ساتھ ہی انور علی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نویں نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں جہاں اس سے قبل اس نمبر پر سب سے زیادہ رنز بناے کا ریکارڈ بھی ایک پاکستانی سہیل تنویر کے پاس تھا جنہوں نے 41 رنز بنائے تھے۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم 40 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی، یہ پہلا موقع ہے کہ اپکستانی ٹیم نے پچاس یا اس سے کم رنز پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح حاصل کی ہو جبکہ پاکستانی واحد ٹیسٹ ٹیم ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز صرف ہانک کانگ کی ٹیم کو حاصل ہے لیکن وہ نیپال کے خلاف صرف 73 رنز کے ہدف کا تعاقب کر رہے تھے جبکہ پاکستانی ٹیم کو 173 رنز کے ہدف کا سامنا تھا۔

شاہد آفریدی نے اپنی 45 رنز کی اننگ کے دوران چار چھکے لگائے، یہ پہلا موقع تھا کہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی کسی اننگ کے دوران چار چھکے لگائے ہوں۔

پاکستان نے دورہ سری لنکا میں سات فتوحات(دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ، دو ٹی ٹوئنٹی) اپنی نام کیں جس کے ساتھ ہی یہ اب تک پاکستان کا کامیاب ترین دورہ سری لنکا بن چکا ہے، اس سے قبل قومی ٹیم نے 1994 کے دورے کے دوران چھ فتوحات حاصل کی تھیں۔

میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے فتح حاصل کی، یہ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں محض تیسرا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے ایک وکٹ سے فتح اپنے نام کی ہو، اس سے قبل انگلینڈ اور ہالینڈ کی ٹیمیں یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Vicky Aug 03, 2015 11:36am
Pakistan Zinda Baad