کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے القاعدہ رہنما عمر عبدالطیف عرف لقمان کو پاک –افغان سرحد کے قریب ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے سرحد کے قریب ضلع چاغی میں آپریشن کے دوران عمر عبدالطیف کی بیوی طیبہ عرف فریحہ باجی اور ان کے دو بچوں کو تفتیش کیلئے گرفتار کر لیا۔

بگٹی نے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکار طیبہ سے تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عمر عبدالطیف آٹھ سے دس مہینے قبل پڑوسی ملک افغانستان سے بھاگ کر پاکستان آئے تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ ایک انٹیلی جنس ایجنسی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تھا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ عمر عبدالطیف یہاں القاعدہ برصغیر کا مرکز کھولنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

بگٹی کے مطابق، صوبے میں جاری آپریشن کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے خبر دار کیا کہ’دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی‘۔

تبصرے (0) بند ہیں