پولیس کو "ٹلہ" کہنے پر عامر کیخلاف درخواست

اپ ڈیٹ 03 اگست 2015
عامرخان کی فلم "پی کے" کا پوسٹر—۔فوٹو/ اینجسیز
عامرخان کی فلم "پی کے" کا پوسٹر—۔فوٹو/ اینجسیز

بولی وڈ کی بلاک بسٹر فلم "پی کے" میں دہلی پولیس افسران کو "ٹُلہ" کہنے پر مسٹر پرفیکٹ عامر خان کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے.

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اتوار کو نیو اشوک نگر پولیس اسٹیشن میں مختصر فلمیں بنانے والے الہاس پی آر کی جانب سے ایک شکایت درج کرائی گئی ہے.

شکایت میں دہلی کے وزیراعلیٰ آروند کیجروال کے خلاف جولائی میں دائر کی گئی ایک شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرپولیس کے لیے توہین آمیز اصطلاح استعمال کرنے پر کیجروال کے خلاف مقدمہ درج ہوسکتا ہے تو عامر خان کے خلاف کیوں نہیں.

الہاس کے مطابق انھوں نے 26 جولائی کو یہ فلم ٹی وی پر دیکھی،جس کے ایک سین میں عامر خان نے ایک پولیس افسر کو "ٹُلہ" کہہ کر مخاطب کیا.

"گذشتہ 5-4 دن سے میں یہی سوچ رہا تھا کہ اگر دہلی کے وزیر اعلیٰ کے خلاف یہ لفظ استعمال کرنے پر مقدمہ ہوسکتا ہے تو ابھی تک کسی پولیس افسر نے عامر خان کے خلاف مقدمہ کیوں نہیں درج کیا، جن کی فلم پوری دنیا میں دیکھی گئی".

ان کا کہنا تھا کہ "میں عام آدمی پارٹی کا رکن نہیں ہوں اور اس شکایت سے یہ ثابت ہوجائے گا کہ آیا وفاقی حکومت صرف دہلی حکومت پر دباؤ دالنا چاہتی ہے یا واقعی اس لفظ سے دہلی پولیس کی دل آزاری ہوئی".

الہاس نے پولیس کو عامر خان کی فلم "پی کے" کے اس سین کی ڈی وی ڈی بھی دی ہے، جس میں انھیں ریڈ فورٹ کی دیوار پر آرام کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد انھوں نے پولیس کے لیے یہ لفظ استعمال کیا.

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس آفیشلز نے انھیں کہا کہ وہ اس شکایت کا جائزہ لینے کے لیے اسے اعلیٰ حکام تک پہنچائیں گے.

جب ان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا کہ انھوں نے صرف عامر خان کے خلاف ہی کیوں شکایت کی،ان کا کہنا تھا کہ عامر خان نے فلم میں یہ لفظ استعمال کیا اور اگر پولیس بھی اسے برا تصور کرتی ہے تو وہ اسے مزید آگے بڑھا سکتی ہے.

الہاس کا کہنا تھا کہ "ان کی عامر خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، نہ ہی وہ کیجروال کے دوست ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے".

"میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ پولیس نے اس معاملے کو کیوں نہیں اٹھایا، میں دیکھنا چاہتا ہوں کہ عامر خان کے خلاف ایکشن لینے میں پولیس کتنی مستعدی کا مظاہرہ کرتی ہے".

واضح رہے کہ الہاس پی آر نے اس سے قبل بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کے خلاف بھی "قومی ترانہ صحیح سے نہ پڑھنے" پر شکایت درج کرائی تھی.

گزشتہ برس دسمبر میں ریلیز کی جانے والی راج کمار ہیرانی کی فلم "پی کے" میں عامر خان نے ایک خلائی مخلوق کا کرادر ادا کیا، جو زمین پر آکر ایک ٹی وی جرنلسٹ کا دوست بن جاتا ہے اور مذہب سمیت مختلف معاملات پر سوالات و بحث کرتا ہے.

فلم میں عامر خان کے علاوہ انوشکا شرما اور شوشانت سنگھ راجپوت نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے.

"پی کے" نے اپنی ریلیز کے 2 ہفتوں میں ہی بولی وڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کیا تھا.

تبصرے (1) بند ہیں

Mohammad Ayub Khan Aug 04, 2015 02:44am
O my god they have modified our thulla to tulla??????????????