عالمی بینک کی دو ارب ڈالرز کے پیکج کی پیشکش

اپ ڈیٹ 04 اگست 2015
وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندراوتی۔ — آئی این پی
وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندراوتی۔ — آئی این پی

اسلام آباد: عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر سری ملیانی اندراوتی نے کہا ہے کہ پاکستان پر سرکاری اور نجی شعبے کا اعتماد بحال ہو چکا ہے اور وہ پاکستان کو قابل بھروسہ پارٹنر سمجھتے ہوئے تعاون میں اضافہ کی خواہش مند ہیں۔

پاکستانی معیشت میں کامیاب تبدیلی کو سراہتے ہوئے اندراوتی نے چار سالہ مدت کیلئے دو ارب ڈالرز کے آئی بی آر ڈی تعاون پیکج کی پیشکش کی ہے۔

پیر کو وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں اندراوتی نے سرکاری پالیسیوں کی بدولت ہونے والی معاشی تبدیلی کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے عالمی بینک کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی میں توانائی، معیشت اور تعلیم کو ترجیح حاصل ہے۔

انہوں نے عالمی بینک اور دوسرے ترقیاتی پارٹنرز کی جانب سے ان شعبوں میں تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران خطے کو ریل اور سڑکوں کے جال کی مدد سے جوڑنے کیلئے اٹھائے جا رہے اقداما ت کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے اندراوتی کو کراچی اور گوادر سے ترکمانستان کے شہر ترمز تک ریل اور روڈ لنکس بہتر بنانے اور تیار کرنے کے حوالے سے بھی بتایا۔

اندراوتی نے اس پر بینک کی دلچسپی اور معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں بینک کی ترقیاتی پالیسی اور حکومت کی جانب سے معیشت میں اصلاحات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر عالمی بینک کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے گذشتہ دو سالوں میں خطے کے ملکوں کے ساتھ رابطے بڑھانے اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر مبنی اقدامات کو بھی سراہا۔

اسحاق ڈار نے ملاقات کے دوران تعلیمی سہولیات میں بہتری اور داسو ہائیڈرو پاورمنصبوں میں عالمی بینک کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے ا مید ظاہر کی کہ پولیو کے خاتمے اور ملک کے ہر بچے کی ویکسینشن کیلئے دوسرے ترقیاتی پارٹنرز کے ساتھ ساتھ عالمی بینک بھی پاکستان کی مدد کرتا رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں