دبئی: سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نےپاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

شعیب اختر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری تناؤ کے ماحول کے سبب دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز نہیں ہونی چاہیے اور اسے ملتوی کردینا چاہیے۔

گزشتہ دنوں ہندوستانی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر حملے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہندوستانی ذرائع بلاغ اور حکام نے ماضی کی تلخ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس کا الزام بھی پاکستان پر عئاد کردیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ہندوستانی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان سے کرکٹ سیریز کے امکان کو یکسر رد کردیا تھا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ پاکستان کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اگر ہمارے ملک کی سیکیورٹی اور امن متاثر ہو گا تو کرکٹ نہیں کھیلی جا سکتی۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ کھیل ایک مختلف چیز ہے لیکن ہماری اندرونی سیکیورٹی زیادہ اہم ہے‘۔

اس کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کے الزامات کے سبب دونوں ملکوں کے تعلقات سفارتی سطح پر بھی ایک بار پھر کشیدہ صورتحال اختیار کر چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات بھی منسوخ ہو گئے تھے۔

دبئی میں اسپرائٹ کرکٹ اسٹارز ٹورنامنٹ کی پرموشن کیلئے موجود شعیب اختر نے کہا کہ موجودہ حالات سیریز کو ملتوی کرنے کیلئے کافی ہیں۔

’ہر کسی کو معلوم ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے سرحدوں پر صورتحال بہت کشیدہ ہے اور اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز نہیں ہونی چاہیے‘۔

تاہم انہوں نے کہا کہ جیسے ہی حالات میں بہتری آئے، کشیدگی کم ہو اور دونوں ملک اعلیٰ سطح پر مذاکرات کیلئے راضی ہوں تو ایسی صورت میں کرکٹ تعلقات میں بہتری کا سب سے اچھا ذریعہ ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ٹیمیں ابھی بھی دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار کی جاتی ہیں، اگر کرکٹ میں دلچسپی برقرار رکھنی ہے تو یہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے کھیلے بغیر نہیں رہ سکتیں۔

ماضی کے تیز ترین فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اس دونوں ملکوں سے انتہائی باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آتے ہیں اور لوگ انہیں آپس میں کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت کر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت پی سی بی نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے دسمبر میں دوطرفہ سیریز کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

مفاہمت کی یادداشت کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 2023 تک چھ مکمل کرکٹ سیریز کھیلی جانی ہیں جن میں سے چار کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے۔

اسی پروگرام کے تحت ہندوستان کو پاکستان سے دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جس کی میزبانی ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کرتا۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں انڈیا میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔

ہندوستان کو اس کے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔

انوراگ ٹھاکر نے واضح کیا کہ جب تک سرحد پار دہشت گردی نہیں رکتی، اس وقت تک کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔

تبصرے (0) بند ہیں