نیو دہلی: ہندوستانی ٹینس اسٹار اور وبلڈن اوپن ڈبلز کی چیمپئن ثانیہ مرزا کو ہندوستان کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایوارڈ راجیو گاندھی کھیل رتنا سے نوازا گیا ہے۔

راشترا پتھی بھاون(صدارتی محل) میں منعقدہ تقریب میں ہندوستانی صدر پرناب مکھرجی سے یہ ایوارڈ وصول کیا جبکہ تقریب میں وزیر کھیل سربانندا سونو وال بھی موجود تھے۔

ثانیہ مرزا یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی دوسری ہندوستانی ٹینس اسٹار بن گئی ہیں جہاں اس سے قبل یہ ایوارڈ لینڈر پیش کے پاس تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں ہفتے ہی کرنٹاکا ہائی کورٹ نے ثانیہ مرزا کو کھیل رتنا ایوارڈ کے خلاف دائر درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں تاحکم ثانی ایوارڈ نہ دینے کا حکم جاری کیا تھا۔

ثانیہ کو میڈل کے ساتھ ساتھ سرٹیفکیٹ اور ساڑھے سات لاکھ روہے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔

ثانیہ مرزا اس وقت پیر سے شروع ہونے والے یو ایس اوپن میں شرکت کیلئے امریکا میں موجود تھیں لیکن وہ صرف یہ ایوارڈ وصول کرنے کیلئے خصوصی طور پر امریکا سے ہندوستان آئیں۔

واضح رہے کہ ثانیہ نے ومبلڈن اوپن میں سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا پنگز کے ساتھ مل کر ویمن ڈبلز کی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس کے علاوہ تقریب کے موقع پر کرکٹرز روہت شرما سمیت 17 افراد کو مختلف کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر ارجنا ایوارڈ سے نوازا گیا تاہم روہت ٹیم کے ساتھ دورہ سری لنکا پر ہونے کی وجہ سے ایوارڈ بذات خود وصول نہ کر سکے۔

ارجنا ایوارڈ کے فاتحین کو میڈل اور سرٹیفکیٹ کے ساتھ پانچ لاکھ روپے نقد بھی بطور انعام دیے گئے۔

اس کے علاوہ پانچ لوگوں کو درن چاریا جبکہ تین کھلاڑیوں کو دھاین چند ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں