’فوج کی عددی کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ‘

08 اکتوبر 2015
پاک فوج کی عددی کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی
پاک فوج کی عددی کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: پاک فوج کی عددی کمی پوری کرنے کے لئے کاکول میں قائم فوج کے ابتدائی ٹریننگ انسٹیٹوٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) میں کیڈٹس کی تعداد میں ایک تھائی اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پی ایم اے کاکول کے دورے کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس دورے میں کیڈٹ کے جاری ٹریننگ کے طریقوں، پی ایم اے میں اضافے اور چوتھی پاکستان بٹالین کے قیام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ پی ایم اے جو اس وقت 3 بٹالین پر مشتمل ہے، میں سالانہ دو بیجز تربیت حاصل کرتے ہیں اور ہر بیج 500 کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ چوتھی بٹالین کے اضافے سے ہر بیج کے لئے مزید 150 کیڈٹس کا اضافہ ہوجائے گا۔

پی ایم اے سے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو بعد ازاں فوج میں کمیشن دیا جاتا ہے۔

نئی بٹالین کے قیام کے حوالے سے کسی حتمی وقت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اکیڈمی آئندہ 12 سے 18 ماہ میں اس اضافے کو برداشت کرنے کی صلاحیت کے قابل ہوجائے گی۔

بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ’عالمی و مقامی ماحول اور ترقی سے ہم آہنگی کے لئے ایسا کیا جانا ضروری ہے۔‘

فوجی مبصرین کا کہنا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا میں 2019 تک فوج کی موجودگی کے باعث اس کی تعداد میں اضافہ ضروری ہوگیا ہے۔

پاک فوج میں اضافے کا مقصد پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے کے لئے ایک سیکیورٹی ڈویژن کا قیام، رینجرز اور فرنٹئیر کور (ایف سی) اہلکاروں میں اضافہ، اقوام متحدہ کے امن مشن اور قدرتی آفات کے حوالے سے پاک فوج میں اضافہ کرنا ہے۔

اس کے علاوہ حال ہی میں ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے لئے جارحانہ پالیسی اور اقدامات بھی فوج میں اضافے کا باعث ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ فوج کو پہلے ہی سے افسران کی کمی کا سامنا ہے اور اس اضافے سے اس کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ اس وقت پاکستان کے دفاع کے لئے مجموعی طور پر 5 لاکھ فوجی موجود ہیں اوررواں مالیاتی سال 2015-16 کے قومی بجٹ میں وفوج کا حصہ 371 ارب روپے ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Erum Siddiqui Oct 08, 2015 09:53am
ہمیں صحت اور تعلیم کے شعبے میں افرادی قوت بڑھانےاورانہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔یہ دونوں شعبے بجٹ میں اضافے کے متقا ضی ہیں۔
Muhammad Ayub khan Oct 08, 2015 09:58am
is this notification on net logical