اسکائپ کا اپنے صارفین کے لیے 'تحفہ'

09 اکتوبر 2015
اسکائپ میسنجر — کریٹیو کامنز فوٹو
اسکائپ میسنجر — کریٹیو کامنز فوٹو

کیا آپ کو یاد ہے کہ کچھ ہفتے پہلے مائیکروسافٹ کی کالنگ اپلیکشن اسکائپ تیکنیکی خرابی کے باعث کئی گھنٹوں تک بند رہی تھی جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا؟ اب کمپنی نے اس تکلیف کے عوض اپنے صارفین کو ایک تحفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جی ہاں اسکائپ کی جانب سے اس تیکنیکی خرابی کے باعث 15 گھنٹوں تک کالز، میسجز یا ویڈیو کانفرنس کرنے سے محروم رہنے والے صارفین کو 20 منٹ کی مفت کالز کی شکل میں زرتلافی یا تحفہ دیا جارہا ہے۔

اسکائپ کی جانب سے اس حوالے سے صارفین کو ای میلز ارسال کی جارہی ہیں جس کے ملنے کے بعد اگلے سات روز کے دوران بیس منٹ کی مفت کالز کی جاسکتی ہیں۔

اسکائپ کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میل میں کہا گیا ہے " ہم آپ سے 21 ستمبر کو تیکنیکی خرابی پر معذرت کرتے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ ہماری سروس آپ کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے اور اس کی بندش آپ کے لیے کتنی پریشان کن ثابت ہوئی ہوگی۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ سادہ معذرت اس تکلیف کے ازالے کے لیے ناکافی ہے تو اس کے لیے ہم نے اگلے چند روز کے لیے 20 منٹ کی فری کالز آپ کے اکاﺅنٹ میں ایڈ کردی ہیں جن کے ذریعے آپ دنیا بھر میں 60 لینڈ لائنز اور 8 موبائل کمپنیوں کے صارفین کو فون کرسکتے ہیں، ان مفت کالز سے فائدہ اٹھانا یقینی بنائیں جو کہ اگلے سات روز تک آپ کو دستیاب رہیں گی"۔

یہ بات واضح نہیں کہ کسی صارف کو فری منٹس کے لیے کیسے اہل سمجھا جائے گا یا یہ اسکائپ کے تمام صارفین کو دیا جائے گا، تاہم اپنے ای میلز چیک کرتے رہیں کیونکہ اسکائپ کی جانب سے بتدریج دنیا بھر کے صارفین کو یہ تحفہ دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں