یاسر انجری کا شکار، پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2015
یاسر شاہ کمر کی انجری کے سبب گراؤنڈ سے باہر جا رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز
یاسر شاہ کمر کی انجری کے سبب گراؤنڈ سے باہر جا رہے ہیں۔ فوٹو رائٹرز
یاسر شاہ کمر کی تکلیف کے سبب زمین پر لیٹے ہوئے ہیں۔ فوٹو رائٹرز
یاسر شاہ کمر کی تکلیف کے سبب زمین پر لیٹے ہوئے ہیں۔ فوٹو رائٹرز

پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ہی ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے اور اظہر علی کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی پیر میں انفیکسن کے سبب پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو چکے ہیں۔

تاہم پاکستان کے لیے سب سے بری خبر اسپنر یاسر شاہ کی انجری ہے جس کے سبب خدشہ ہے کہ وہ پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

نیٹ سیشن کے دوران گیند کراتے ہوئے یاسر کمر میں تکلیف میں مبتلا ہوئے جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔

ٹیم منیجر انتخاب عالم کے مطابق یاسر کی کمر کی تکلیف کا فزیو جائزہ لے رہے ہیں تاہم انہیں امید ہے کے لیگ اسپنر میچ کے آغاز سے پہلے مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔

ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی یاسر کی انجری کو بڑا دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی میچ میں شرکت مشکل نظر آ رہی ہے۔

میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے واضح کیا کے یاسر کو کھلانے یا آرام کرانے کا فیصلہ میچ کی صبح لیا جائے گا تاہم ان کی میچ میں شرکت فی الحال مشکل نظر آرہی ہے۔

مصباح نے مزید کہا کے یاسر کی انجری کے بعد تمام تر دبائو بلے بازوں پر آگیا ہے اور اب انہیں میچ میں کامیابی دلوانے کی ذمہ داری لینا ہوگی۔

واضح رہے کہ 2012 کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے اسپنرز سعید اجمل اور عبدالرحمان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت اس وقت کی عالمی نمبر ایک انگلینڈ کو سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا اس مرتبہ بھی پاکستان اسپنرز یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کے ذریعے وہی کارنامہ دہرانے کیلئے پرعزم تھا۔

تاہم یاسر شاہ کی انجری سے جہاں پاکستان کے ان منصوبوں کو شدید دھچکا لگا ہےوہیں ٹیم کے لیےان کے بہترمتبادل کی تلاش بھی ایک مشکل عمل ہو گا۔

قومی ٹیم ایک نئی مشکل میں

یاسر شاہ کی انجری کے سبب ظفر گوہر کو ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں طلب کر لیا گیا۔

بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے ظفر نے انگلینڈ کے خلاف دونوں وارم اپ میچوں میں حصہ لیا تھا تاہم وہ ان میچوں کے بعد وطن واپس لوٹ گئے تھے جس کے باعث ان کی پہلے میچ کے آغاز سے قبل ابوظہبی آمد مشکل نظر آتی ہے اور ایسے میں پاکستان کو یاسر کی عدم موجودگی میں ایک اضافی فاسٹ باؤلر کے ساتھ میدان میں اترنا پڑے گا۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کو احتیاطاً ایک متبادل کھلاڑی درکار ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ایک کھلاڑی بینچ پر موجود ہو۔

یاسر شاہ کے متبادل کی بھی مصباح اور ٹیم مینجمنٹ کو تلاش ہے اور آج سلیکٹرز کیساتھ مشاورت کے بعد ایک اسپن باؤلر کو فوری ابو ظہبی روانہ کیا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Oct 12, 2015 03:45pm
Is Pakistani players are made of wax ? as they become ill all of sudden ! one by one the whole team will be out of ground.