'سلمان خان بیزار کن ہیں'

25 نومبر 2015
فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس
فوٹو بشکریہ — انڈین ایکسپریس

بولی وڈ ہدایت کار انوراگ باسو کا کہنا ہے کہ سلمان خان جیسے بیزار اداکار سے بہتر ہے وہ رنبیر کپور کے ساتھ کام کر لیں کیوں کہ وہ اپنی فلموں میں کچھ انوکھا تو کرتے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق انوراگ باسو کا ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان اور ان کی فلموں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سلمان کافی بیزار ہیں، اور وہ ہمیشہ ایک ہی طرح کی فلموں میں کام کرتے ہیں اور ان کی اداکاری بھی یکساں ہی ہوتی ہے۔

انوراگ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ فلمی صنعت میں رنبیر کپور جیسے اداکار موجود ہیں جو کہ اپنی اداکاری کے ساتھ کسی قسم کا خطرہ مول لینے سے نہیں ڈرتے اور مختلف کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔

انوراگ کا مزید کہنا تھا کہ بہت کم اداکار ایسے ہیں جو اس قسم کا خطرہ لیتے ہیں۔

ہدایت کار انوراگ اداکار رنبیر کپور کے ساتھ اس وقت فلم ’جگا جاسوس‘ میں کام کر رہے ہیں۔

انوراگ کا رنبیر کی باکس آفس پر ناکام فلموں کے حوالے سے کہنا تھا کہ اداکار کی فلمیں چاہے باکس آفس پر ہٹ نہ ہو پائیں البتہ انہیں اس بات کا سکون ہے کہ انہوں نے کچھ نیا کیا۔

واضح رہے کہ رنبیر کپور کی فلم ’روئے‘، ’بے شرم‘ اور ’بومبے ویلوٹ‘ باکس آفس پر بری طرح سے ناکام ہوئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں