پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2015
صہیب مقصود کو اسٹمپ کرنے پر انگلش وکٹ اور معین علی خوشی مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
صہیب مقصود کو اسٹمپ کرنے پر انگلش وکٹ اور معین علی خوشی مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

دبئی: انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی.

دبئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم یہ فیصلہ ابتدا میں درست ثابت نہ ہوا اور انگلش ٹیم 19 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی، ایلکس ہیلز آٹھ، جیسن روئے نو اور معین علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے.

تاہم اس کے بعد کپتان آئن مورگن اور ڈیبیو کرنے والے جیمز ونس نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا اور چوتھی وکٹ کیلئے 76 رنز کی شراکت قائم کی.

وہاب ریاض کی شاندار باؤلنگ کے نتیجے میں جیمز ونس 41 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے.

لیکن نئے بلے باز سیم بلنگ نے وکٹ گرنے کے باوجود رنز بنانے کی رفتار میں کمی نہ آنے دی اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو بہتر مجموعے تک رسائی دلائی.

اننگ کی آخری گیند پر بلنگ کے آؤٹ ہونے سے قبل انگلینڈ کی ٹیم 160 رنز کے مجموعے تک رسائی حاصل کر چکی تھی.

بلنگ نے 24 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ مورگن نے 45 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے.

جواب میں پاکستانی اننگ کا آغاز تباہ کن تھا اور 25 رنز پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ اسکور 42 تک پہنچا تو محمد رضوان کی شکل میں پاکستان کو چوتھا نقصان برداشت کرنا پڑا.

اس موقع پر صہیب مقصود اور عمر اکمل نے چند ہاتھ دکھائے لیکن 74 کے اسکور پر صہیب مقصود کی غلطی کی وجہ سے عمر اکمل کو اپنی وکٹ گنوانی پڑی.

کپتان شاہد آفریدی نے مشکلات میں گھری ٹیم کو تنہا چھوڑ کر دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ اسی اوور میں صہیب مقصود ایک وائیڈ گیند پر اسٹپم ہوئے تو پاکستان 75 رنز پر سات وکٹیں گنوا چکا تھا.

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ قومی ٹیم محج رنز کی مہمان ثابت ہو گی لیکن ٹیل اینڈرز نے پاکستان کو بڑی خفت سے بچا لیا.

انور علی نے دو چھکے لگائے لیکن اسی کوشش میں وہ لیام پلنکٹ کو وکٹ دے بیٹھے.

100 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد سہیل تنویر اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کیلئے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کی معمولی سی امید بندھائی لیکن انگلینڈ کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب قومی ٹیم 14 رنز قبل ہمت ہار کر 146 رنز پر پویلین لوٹ گئی.

انگلینڈ نے میچ میں 14 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری حاصل کر لی.

سیریز کا دوسرا میچ کل اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا.

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں.

پاکستان: شاہد آفریدی)کپتان(، رفعت اللہ مہمند، سرفراز احمد، حمد حفیظ، محمد رضوان، صہیب مقصود، عمر اکمل، انور علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور عمران خان.

انگلینڈ: آئن مورگن)کپتان(، ایلکس ہیلز، جیسن روئے، جیمز ونس، سیم بلنگ، معین علی، عادل راشد، اسٹیفن پیری، ریس ٹاپ لی، کرس جارڈن اور لیام پلنکٹ.

تبصرے (0) بند ہیں