تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ آسٹریلیا کے نام

29 نومبر 2015
سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے ڈیوڈ وارنر اور آسٹریلین کپتان ٹرافی کے ہمراہ۔ فوٹو اے ایف پی
سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے ڈیوڈ وارنر اور آسٹریلین کپتان ٹرافی کے ہمراہ۔ فوٹو اے ایف پی

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا نے تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو تین وکٹ سے شکست دے کر سیریز 2-0 جیت لی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے دن مشکلات سے دوچار نیوزی لینڈ نے 116 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 208 رنز پر پویلین لوٹ گئی، مچل سینٹنر 45 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔

مارک ہیزل وڈ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے مچل اسٹارک کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور چھ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت بنیاد رکھی۔ پہلی اننگ میں برتری کے سبب آسٹریلیا کو فتح کیلئے 187 رنز کا نسبتاً آسان ہدف ملا۔

اوپنرز نے آسٹریلیا کو 34 رنز کا مناسب آگاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر ٹرینٹ بولٹ نے جو برنس کو پویلین لوٹا دیا۔

ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ نے اسکور کو 62 تک پہنچایا لیکن ڈگ بریسویل نے ڈیوڈ وارنر اور پھر چار رنز کے اضافے سے بولٹ نے آسٹریلین کپتان کی وکٹ حاصل کر کے میچ میں سنسنی پیدا کردی۔

اس موقع پر شان مارش اور ایڈم ووگس نے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ہدف کی جانب گامزن کیا لیکن بولٹ ایک بار پھر آسٹریلیا کی راہ میں حائل ہو گئے اور انہوں نے 28 رنز بنانے والے ووگس کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔

مارش کا ساتھ دینے ان کے بھائی مچل مارش پہنچے اور دونوں نے اسکور کو 161 تک پہنچا کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

اس موقع پر بولٹ نے اپنی شاندار باؤلنگ سے میچ میں جان ڈالتے ہوئے 49 رنز بنانے والے شان مارش کا قصہ تمام کردیا جبکہ مچل سینٹنر نے مچل مارش کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلا دی۔

ہدف تک رسائی سے دو رنز قبل بولٹ نے پیٹر نیول کو آؤٹ کر کے اننگ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔

پیٹر سڈل نے ٹم ساؤدھی کی گیند پر دو رنز لے کر اپنی ٹیم کو تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں تین وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز بھی 2-0 سے جیت لی۔

ہیزل وڈ کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 592 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایواڈ سے نوازا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں