پیرس میں نواز-غنی ملاقات متوقع

29 نومبر 2015
۔ — اے پی پی فائل فوٹو
۔ — اے پی پی فائل فوٹو

پشاور: پیرس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کی 21ویں کانفرنس کے موقع پر پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات متوقع ہے۔

حال ہی میں افغانستان میں سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کے بعد واپس آنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بتایا کہ پیرس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسفند یار ولی خیبر پختونخوا کی اعلی سیاسی قیادت کے ہمراہ خطے میں امن کی ترویج کی کوششوں کے طور پر کابل کے دو روزہ دورہ پر کابل گئے تھے۔

وفد میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی اور قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ بھی شامل تھے۔

اسفند یار ولی نے ڈان۔ کام سے گفتگو میں بتایا کہ افغان حکومت اب مذاکرات کیلئے تیار ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت کو مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

اے این پی سربراہ نے افغان حکام کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ بات چیت کیلئے تیار ہیں مگر چاہتے ہیں کہ پاکستان ان کی خود مختاری تسلیم کرے ۔

اسفندیار نے بتایا کہ اس سے قبل افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے پیرس کانفرنس میں شرکت کرنا تھی، مگر باہمی تعلقات میں حالیہ پیش رفت کے بعد طے پایا کہ افغان صدر اشرف غنی کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ساتھ نواز شریف سے ملیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں