قومی ٹیم کی شکست کے باوجود شاہد آفریدی کی ترقی

01 دسمبر 2015
شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 88 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 88 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وائٹ واش ہونے کے باوجود آئی سی سی کی آل راؤنڈر کی عالمی درجہ بندی میں ترقی کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ آل راؤنڈرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں شاہد آفریدی دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ان سے 32 ہوائنٹس آگے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور بہترین آل راؤنڈر کے منصب پر براجمان ہیں۔

سیریز میں پانچ وکٹیں لینے والے آفریدی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں اپنی وکٹوں کی تعداد 88 کرکے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڑ سعید اجمل کے پاس تھا جنھوں نے 85 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

شاہد آفریدی نے سیریز میں شاندار باؤلنگ کی بدولت باؤلنگ رینکنگ میں بھی ترقی حاصل کی اور اب وہ اس فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔

پاکستان ٹیم کے شعیب ملک باؤلرز کی درجہ بندی میں آٹھ درجے ترقی پا کر 60ویں اور انورعلی 35 درجے ترقی پا کر 66 ویں نمبر پر پر آ گئے جبکہ انگلینڈ کے کرس جارڈن 95 اور عادل راشد کی 98 ویں نمبر پر ترقی ہوئی۔

ٹی ٹوئنٹی کے بہترین باؤلرز میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن پہلے، سیمیول بدری دوسرے، سری لنکا کے سینانئیکے تیسرے، لاستھ ملنگا چوتھے، ہندوستان کے روی چندرہ ایشون پانچویں جبکہ شاہد آفریدی چھٹے بہترین باؤلر ہیں۔

بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد 16 ویں اور عمر اکمل 18 ویں نمبر پر ہیں جبکہ سرفہرست بلے باز آسٹریلیا کے ایرون فنچ، دوسرے نمبرپر ویرات کوہلی اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز تیسرے نمبرپر موجود ہیں۔

آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، شاہد آفریدی دوسرے، شین واٹسن تیسرے، محمد حفیظ چوتھے اور مارلن سیمیولز پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں ٹیموں کی درجہ بندی میں سری لنکن ٹیم کا نمبر سب سے اوپر ہے، ویسٹ انڈیز کا دوسرا نمبر، آسٹریلیا کا تیسرا، انگلینڈ کا چوتھا، جنوبی افریقہ کا پانچواں اور سیریز میں شکستوں کے بعد پاکستان دوسری سے چھٹی پوزیشن پر چلا گیا ہے جہاں ایک درجہ نیچے ہندوستانی ٹیم موجود ہے.

تبصرے (1) بند ہیں

Sharminda Dec 01, 2015 04:57pm
"Congratulations"