ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان

اپ ڈیٹ 05 فروری 2016
ہندوستانی ٹیم حال ہی میں آسٹریلیا سیریز میں کلین سوئپ کر کے عالمی نمبر اک ٹی ٹوئنٹی بنی ہے۔ فوٹو اے پی
ہندوستانی ٹیم حال ہی میں آسٹریلیا سیریز میں کلین سوئپ کر کے عالمی نمبر اک ٹی ٹوئنٹی بنی ہے۔ فوٹو اے پی

ممبئی: ہندوستانی کرکٹ حکام نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جہاں محمد شامی کے ساتھ ساتھ تجربہ کار یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد شامی انجری کے سبب ورلڈ کپ 2015 کے بعد سے ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے، انہیں حال ہی میں دورہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن پھر بعد میں بغیر کوئی میچ کھلائے واپس بھیج دیا گیا۔

شامی ابھی تک فٹ نہیں ہوئے لیکن چیئرمین سلیکشن کمیٹی سندیپ پاٹیل نے امید ظاہر کی کہ وہ ایونٹ سے قبل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ 2007 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے ایڈیشن میں ہندوستان کو چیمپیئن بنوانے والے مہندرا سنگھ دھونی کو ایک بار پھر قیادت کے منصب پر برقرار رکھا گیا ہے۔

پاٹیل نے کہا کہ ہمیں دھونی پر پورا بھروسہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کی قیادت کرنے کیلئے سب سے موزوں شخصیت ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں آرام کی غرض سے باہر کیے جانے والے ویرات کوہلی کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ان کی جگہ منیش پانڈے کو اسکواڈ میں جگہ چھوڑنی پڑی۔

ہندوستان نے اہم ایونٹس کیلئے تجربہ کھلاڑیوں پر انحصار کرتے ہوئے یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے اور سلیکٹرز کا ماننا ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی اپنے تجربے سے ٹیم کے لیے اب بھی گراں قدر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

15 رکنی اسکواڈ میں پاون نیگی واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، انہیں آئی پی ایل میں شاندار باؤلنگ کے ساتھ ساتھ نچلے نمبروں پر جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

ایشیا ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے ہندوستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

مہندرا سنگھ دھونی(کپتان)، روہت شرما، شیکھر دھاون، ویرات کوہلی، سریش رائنا، یوراج سنگھ، اجنکیا راہانے، رویندرا جدیجا، ہردک پانڈیا، روی چندرہ ایشون، ہربھجن سنگھ، جسپریت بمرا، پاون نیگی، اشیش نہرا اور محمد شامی۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 24 فروری سے بنگلہ دیش میں ہو گا جبکہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز دوسرے راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں