دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کے بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو24 رنزسے شکست دے کر جیت کو آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں کے نام کردیا.

دبئی میں کھیلے گئے لیگ کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا.

محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا، 18 رنز کے اسکور پر محمد حفیظ دوسرے ہی اوور میں 11 رنز بنا کر شین واٹسن کی گیند پر وکٹ کیپر سیم بلنگز کے شاندار کیچ کا نشانہ بنے۔

ڈیوڈ میلان 6 رنز بنا کر رومان رئیس کی وکٹ بنے جبکہ 43 کے اسکورپر کامران اکمل 8 رنز بنا کر مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

شاہد یوسف نے چوتھی وکٹ میں تمیم اقبال کا 88 رنز تک ساتھ دیا تاہم 16 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ان کی وکٹیں آندرے رسل نے بکھیر دیں۔

کپتان شاہد آفریدی ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس وقت پشاور زلمی کا اسکور 125 رنز تھا، آندرے رسل نے اپنی گیند پران کا کیچ لیا،اگلی ہی گیند پر رسل نے نصف سنچری بنانے والے تمیم اقبال کو واٹسن کے ہاتھوں آؤٹ کرادیا۔

تمیم اقبال نے 51 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا لگایا اور زلمی کی جانب سے سرفہرست بلے باز رہے۔

ڈیرن سیمی 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

وہاب ریاض 9 اور اور جنید خان ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل نے تین وکٹیں ہتھیا لیں جبکہ واٹسن، سعید اجمل اور رومان رئیس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے ہی اوور میں شرجیل خان کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جب وہ دو چوکوں کی مدد سے 8 رنز بنا کر شان ٹیٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے.

بابراعظم آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو 30 کے اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے محمد اصغر کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عمر امین 4 رنز کا اضافہ کرسکے.

شین واٹسن اور کپتان مصباح الحق کے درمیان صرف 18 رنز کی شراکت قائم ہوئی.

وہاب ریاض نے ورلڈ کپ میں اپنی شاندار باؤلنگ سے پریشان رکھنے والے واٹسن کو ایک دفعہ پھر کھل کر کھیلنے نہیں دیا اور 28 رنز پر ان کی وکٹ حاصل کرلی.

واٹسن کے بعد مصباح بھی 66 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

اسلام آباد کے 6 بلے باز 70 کے اسکور پر پویلین واپس جا چکے تھے، چھٹے آؤٹ ہونے والے بلے باز اشعرزیدی تھے جو 2 رنز بنانے کے بعد شان ٹیٹ کی وکٹ بن گئے.

سیم بلنگز اور آندرے رسل نے 33 رنز کی شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں واپسی کی امید دلا ئی لیکن وہاب ریاض کی نپی تلی باؤلنگ اور اصغر کے شاندار کیچز نے ان امیدوں پر پانی پھیردیا دونوں کھلاڑی مسلسل دو گیندوں پر آؤٹ ہوئے تو وہاب ریاض کے لیے ہیٹ ٹرک کا موقع تھا جسے وہ حاصل نہیں کرپائے.

آندرے رسل 12 اور سیم بلنگز 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد کا اسکور 103 رنز تھا. 110 کے اسکور پر عمران خالد 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے.

اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا پائی، سعید اجمل 10 اور رومان رئیس 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.

پشاور زلمی نے لیگ کا تیسرا میچ 24 رنز سے اپنے نام کرلیا.

زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور محمد اصغر نے 3،3 اور شان ٹیٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں.

محمداصغر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

کپتان شاہد آفریدی نے لیگ میں پہلی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس جیت کو آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں کے نام کیا جو 2014 میں دہشت گرد حملے کا نشانہ بنے تھے.

قبل ازیں دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں