سری نگر: ہندوستان کے زیرِانتظام کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد ہزاروں کشمیریوں نے ہندوستان کے فوجی تسلط کے خلاف احتجاج کیا، جس کے دوران مظاہرین اور حکومتی فورسز کے درمیان چھڑپیں ہوئیں.

کشمیری مظاہرین نے پاکستانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ احتجاج کے دوران 'ہم آزادی چاہتے ہیں' کے نعرے لگا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز پر پتھراؤ بھی کیا جس پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔

ان مظاہروں میں فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں.

مزید پڑھیں: ملک بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن

خیال رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے مظاہروں کا یہ سلسلہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر میں 5 فروری کو منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کے دن کے حوالے سے ہوا تھا، اس دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں کے حق خودارایت کی حمایت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ 1948 میں اقوام متحدہ کی جانب سے منظور کی جانے والی قرار داد نمبر 47 میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ کشمیر کے باشندے ووٹ کے ذریعے متنازع ہمالیائی خطے کی قسمت کا تعین کریں گے۔

تاہم اس قرار داد پر آج تک عمل درآمد نہیں کیا جا سکا.

یہ خبر 6 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں