طلائی تمغہ جیتنے کا ماریہ کا خواب چکنا چور

اپ ڈیٹ 09 فروری 2016
ہندوستان کی جوشنا چناپا اپنا سونے کا تمغہ دکھاتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
ہندوستان کی جوشنا چناپا اپنا سونے کا تمغہ دکھاتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

گوہاٹی: انڈیا کی صف اول کی اسکواڈ پلیئر جوشنا چناپا نے 12ویں جنوبی ایشیائی گیمز میں ماریہ طور کو شکست دے کر ان کا سونے کا تمغہ جیتنے کا خواب چکنا چور کردیا۔

ٹاپ سیڈ اور عالمی درجہ بندی میں 14ویں نمبر پر موجود چناپا نے کو پہلے سیٹ میں 10-12 سے شکست ہوئی لیکن اس کے بعد انہوں نے میچ میں بہترین انداز میں واپسی کی اور لگاتار تین سیٹ 11-7، 11-9 اور 11-7 سے جیت کر سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

عالمی درجہ بندی میں 50ویں نمبر پر موجود ماریہ طور نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد پہلا سیٹ جیتا تاہم دوسرے سیٹ کے دوران جب مقابلہ 7-7 سے برابر تھا، چناپا سے ٹکر کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں اور ان کی الٹی آنکھ کی بھنووں کے پاس سے خون بہنے لگا۔

ماریہ طور اور جوشنا چناپا کے درمیان میچ کا ایک منظر. فوٹو اے ایف پی
ماریہ طور اور جوشنا چناپا کے درمیان میچ کا ایک منظر. فوٹو اے ایف پی

ماریہ کے زخمی ہونے کی وجہ سے میچ کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

میچ رکنے اور زخمی ہونے کے بعد ماریہ ویسے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکیں جیسا وہ زخمی ہونے سے قبل کر رہی تھیں اور اس کے بعد چناپا پورے میچ پر حاوی رہیں اور انہوں نے ماریہ کو اس سیٹ میں 11-7 سے زیر کرنے کے بعد بقیہ دونوں سیٹ بھی اپنے نام کر لیے۔

چناپا نے اس فتح کے ساتھ ایونٹ میں اسکواش میں ہندوستان کو پہلا سونے کا تمغہ دلا دیا۔

ادھر ایونٹ کے تیسرے دن بھی جنوبی ایشیائی گیمز میں ہندوستانی بالادستی برقرار رہی اور انہوں نے زیادہ تر میڈلز اپنے نام کیے۔

تیر اندازی میں ہندوستانی ایتھلیٹس غالب رہے اور انہوں نے پانچ سونے تمغے حاصل کیے جبکہ ریسلنگ میں بھی میزبان ملک نے چھ میں سے پانچ تمغے جیتے۔

میڈلز کے اعدادوشمار میں 48 سونے، 18 چاندی اور چھ کانسی کے تمغوں سمیت 72 میڈلز کے ساتھ ہندوستان پہلے نمبر پر ہے۔

سری لنکا نے 11 سونے، 25 چاندی اور 23 کانسی سمیت مجموعی طور پر 59 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں