موجودہ کرکٹ، ٹیم کےبجائے پیسوں کے لیے:اسٹیووا

19 اپريل 2016
اسٹیووانے ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دینے پر آسٹریلیا کی تعریف کی—فوٹو: اے ایف پی
اسٹیووانے ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دینے پر آسٹریلیا کی تعریف کی—فوٹو: اے ایف پی

میلبورن: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اسٹیووا کا کہنا ہے کہ موجودہ دور کے کھیل کا مزاج کھلاڑیوں کو ٹیم کی کامیابی کے بجائے کمائی کی طرف راغب کررہاہے۔

آسٹریلیا کے عظیم کپتان نے کرکٹ آسٹریلیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پوری دنیا میں ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ذریعے کھلاڑی بے انتہا پیسہ کمارہے ہیں جس کا کرکٹ کے حوالے سے سوچا بھی نہییں جاتا تھا، اس طرح کی صورت حال کھلاڑیوں کو کمانے کی طرف راغب کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'برینڈن مک کولم کی مثال لیجیے جنھوں نے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی لیکن میرے خیال میں ان کے مزید تین یا چار سال باقی تھے، وہ اب اپنے خاندان کے لیے ریٹائرمنٹ کی کمائی کررہے ہیں جو ٹھیک ہے لیکن مجموعی طورپراب وفاداری ٹیم کے لیے نہیں پیسوں کے لیے ہے'۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان نے کہا کہ 'میں کھلاڑیوں کو الزام نہیں دے رہا لیکن مداحوں کے لیے یہ مشکل ہے'۔

اسٹیو وا کا کہنا تھا کہ تینوں طرز کرکٹ کی الگ الگ ضروریات کے باعث کوئی بھی ٹیم غلبہ حاصل نہیں کرپاتی۔

انھوں نے کہا کہ 'جب تینوں طرز کرکٹ کا موازنہ کیا جائے تو میرے خیال میں آسٹریلیا اس کے قریب ترین ہے، ہندوستان کے پاس اہلیت ہے اور انگلینڈ بھی اچھے انداز میں ابھر رہا ہے اور میرے خیال میں تین مختلف ٹیموں کو مکمل برابری کی سطح پر پرکھنا ناممکن ہے'۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ'یہ ایک خطرناک ہے اور ہم سب یہ جانتے ہیں، ویسٹ انڈیز کو دیکھیے، یہاں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کی نسبت زیادہ مراعات حاصل ہیں'۔

انھوں نے آسٹریلیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ'،میں انھیں ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح دینے پر خراج تحسین پیش کرتاہوں اور اسی وجہ سے ممکنہ طورپر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہتر نہیں کرپاتے لیکن میں کرکٹ آسٹریلیا کا احترام کرتا ہوں جس نے ٹیسٹ کو اہمیت دی'۔

ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب سابق بلے باز نے کہا کہ'اسی وجہ سے ہم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہترین ٹیم منتخب نہیں کرپائے اور ہمیں وہی ملا جس کے ہم حق دار تھے'۔

آسٹریلیا کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچوں میں نیوزی لینڈ اور میزبان ہندوستان سے شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں