بایرن میونخ چیمپیئنز لیگ سے باہر

ایٹلیٹکو میڈرڈ کی ٹیم چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں رسائی پر جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
ایٹلیٹکو میڈرڈ کی ٹیم چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں رسائی پر جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

میونخ: یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ میں ایٹلیٹکو میڈرڈ اور بایرن میونخ کے درمیان میچ برابر ہونے کے باوجود ایٹلیٹکو میڈرڈ نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

میونخ میں کھیلے چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ کا آغاز ہوا تو ہوم گراؤنڈ پر میچ جیتنے کے سبب ایٹلیٹکو میڈرڈ کو بایرن پر 1-0 کی برتری حاصل تھی۔

بایرن نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن ابتدائی آدھے گھنٹے تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی تاہم 31ویں منٹ میں ایک فری کک جابی الونسو سے لگ کر گول میں جا پہنچی جس کی بدولت بایرن نے برتری حاصل کی۔

تین منٹ بعد ہی بایرن کو اس وقت برتری حاصل کرنے کا موقع جب امپائر فاؤل پر میزبان ٹیم کو پینالٹی ایوارڈ کی لیکن اسٹار تھامس مُلر نے اسے ضائع کردیا لیکن کسی کو معلوم نہ تھا کہ یہ پینالٹی ضائع کرنا بایرن کو کتنا مہنگا پڑے گا۔

جب پہلا ہاف ختم ہوا تو بایرن کو میچ میں 1-0 کی برتری حاصل تھی لیکن دوسرے ہاف کے نویں منٹ میں ایٹلیٹکو کے اسٹار فٹبالر گریزمین نے مینوئل نوئر کو چکما دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

بایرن میونخ کے اسٹار لیون ڈاؤسکی کے گول کرنے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی
بایرن میونخ کے اسٹار لیون ڈاؤسکی کے گول کرنے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی

بایرن نے اوے گول کھانے کے بعد اپنے حملوں کی شدت میں اضافہ کردیا جس کا صلہ انہیں 74ویں منٹ میں لیون ڈاؤسکی کے ہیڈ پر کیے گئے گول کی صورت میں ملا جنہوں چیمپیئنز لیگ میں اپنے گولز کی تعداد نو کر لی۔

تاہم بھی جرمن ٹیم کی خوشیاں اس وقت ماند پڑ گئیں جب 84ویں منٹ میں مہمان ٹیم کو پینالٹی ایوارڈ کردی گئی لیکن فرنینڈو ٹوریس نے اس موقع کو گنوا دیا۔

اس کے بعد بایرن نے میچ میں مزید گول کرنے کی بہت کوشش کی لیکن میچ میں شانادر کھیل کا مظاہرہ کرنے والے ایٹلیٹکو کے گول کیپر جان اوبلاک کے سامنے ان کی ایک نہ چلی۔

جب ریفری نے میچ ختم ہونے کی وسل بجائی تو دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ مجموعی گولوں کی بنیاد پر 2-2 سے برابر رہا لیکن بایرن کے ہوم گراؤنڈ پر گول مارنے کے سبب ایٹلیٹکو کی ٹیم نے چیمپیئنز لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

یہ لگاتار تیسرا موقع ہے کہ بایرن کی ٹیم چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں کسی ہسپانوی ٹیم کے شکست کھا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

اب ایٹلیٹکو میڈرڈ کا میلان میں کھیلے جانے والے فائنل میں مقابلہ مانچسٹر سٹی اور ریال میڈرڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہو گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں