عمر اکمل خراب فارم کے سبب قومی ٹیم کا حصہ نہیں اور کرکٹ کے ناخدا خراب کارکردگی کے سبب 'ینگ اینڈ ٹیلنٹڈ' کھلاڑی کی پھبتیاں اڑاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ایک غیرملکی کھلاڑی نے ٹوئٹر کا سہارا لے کر ان کا مذاق اڑا دیا۔

سابق ہندوستانی کرکٹر نے ویسٹ انڈیز میں کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے موجود عمر اکمل کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر ڈالی ہے جس میں وہ چار بلے تھامے کھڑے ہیں۔

سابق جارح مزاج ہندوستانی اوپنر وریندر سہواگ نے بچگانہ انداز میں کھڑے عمر اکمل کی تصویر کے ساتھ ازراہ مذاق لکھا 'میں تو ننھا سا، منا سا، پیارا سا بچہ ہوں۔ ایک ساتھ چار چار بیٹ۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ وریندرا سہواگ نے ٹوئٹر کا سہارا لے کر کسی پاکستانی کھلاڑی کو آڑے ہاتھوں لیا ہو بلکہ اپریل میں پاکستان ٹیم کی ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد انہوں نے شعیب اختر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'سوری شعیب بھائی، ہاکی میں بھی موقع ہاتھ سے نکل گیا'۔

تاہم عام طور پر جذباتی ہو جانے والے شعیب اختر نے اس ٹوئٹ کا تحمل مزاجی سے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ویرو بھائی جو کہیں ان کیلئے معافی ہے کیونکہ ان کا دل سونے کا ہے۔

واضح رہے کہ خراب ڈسپلن اور کارکردگی کے سبب عمر اکمل پر اس وقت قومی ٹیم کے دروازے بند ہیں اور کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ان کی ناقص فارم کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنتی سیریز کیلئے بھی ان کی ٹیم میں شمولیت کے امکانات انتہائی معدوم ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں