کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے لاہور میں تعینات کیٹرنگ عہدیدار کو، منشیات اسمگلنگ کی کوشش پر ملازمت سے فارغ کردیا۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران عہدیدار نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کے حالیہ واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے تقریباً 6 کروڑ روپے مالیت کی 6 کلو گرام ہیروئن، لاہور سے دبئی اسمگل کرنے کی ناکام کوشش میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر پی آئی اے کے 4 ملازمین کو حراست میں لیا تھا۔

قومی ایئرلائن کے ملازمین کو قبل ازیں کی جانے والی اسی کارروائی کے تسلسل میں حراست میں لیا گیا، جس میں پی آئی اے کے 13 ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم ان میں سے بعض کو ان کے خلاف کوئی ثبوت نہ ملنے پر رہا کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات اسمگلنگ: پی آئی اے کے 13 ملازمین گرفتار

یہ کارروائی پی آئی اے انتظامیہ اور اے این ایف کی مشترکہ کاوش کا حصہ تھی، جس کے تحت قومی ایئرلائن کے طیاروں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنا ہے۔

پی آئی اے کے طیاروں کے ذریعے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کے کئی واقعات پیش چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے جہاز سے 27 کلو ہیروئن برآمد

رواں سال مئی میں پی آئی اے کے مینٹیننس عملے نے جہاز سے 27 کلو ہیروئن برآمد کی تھی۔

یہ طیارہ 24 مئی کی شام لاہور سے کراچی آیا تھا اور اسے یورپ روانگی اختیار کرنی تھی، لیکن طیارے کو روانگی سے قبل مینٹیننس کے لیے بھیجا گیا جس دوران اس کے ٹوائلٹ سے منشیات برآمد کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں