حیدرآباد: صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں شوہر نے غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ کو قتل کردیا۔

غلام حسین چوہان نے اپنی اہلیہ زاہدہ، جو 9 بچوں کی ماں ہے، پر بیلچے سے حملہ کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

واقعہ ضلع جامشورو کے علاقے لاکھی شاہ صدر میں پیش آیا، پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سہون تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا۔

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے اعتراف جرم کیا ہے، اس موقع پر اس کے کپڑوں پر خون کے نشان موجود تھے۔

مزید پڑھیں: خانیوال میں غیرت کے نام پر ایک شخص قتل

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ علاقے میں کسی شخص کے ساتھ مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبہے میں اس سے اپنی اہلیہ کو قتل کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور روز اس طرح کے کئی واقعات پیش آرہے ہیں۔

اب تک ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے کیسز کے ملزمان، جن میں عام طور پر خاتون کو اس کے اپنے قریبی رشتہ دار ہی قتل کرتے ہیں، گرفتاری کے چند روز بعد ہی اس لیے آزاد ہوجاتے ہیں کیونکہ مقتولہ کے ورثا اسے معاف کردیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: غیرت کے نام پر باپ کے ہاتھوں بیٹی قتل

تاہم ماڈل قندیل بلوچ کے اپنے بھائی کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل کے بعد خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور متعدد سیاستدانوں کی جانب سے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس حوالے سے سخت قوانین بنائے۔

اسی سلسلے میں 21 جولائی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی نے غیرت کے نام پر قتل اور انسداد عصمت دری کے دو بل متفقہ طور پر منظور کیے تھے، جن کی اگست میں سینیٹ سے منظوری بھی متوقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں