سنچورین ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کو نیوزی لینڈ پر برتری

29 اگست 2016
جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 372 رنز کی برتری حاصل ہے—فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 372 رنز کی برتری حاصل ہے—فوٹو: اے ایف پی

سنچورین: جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹیں کھو کر 105 رنز بنا کر 372 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روزکھیل کا آغاز ہوا تو نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے اسکور 481 کے تعاقب میں 38 رنز بنائے تھے اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے 77 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسری جانب ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی موجود نہیں تھا اور تمام بلے باز جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرز کا نشانہ بنتے رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نیکولس 36 اور نیل ویگنر 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ تجربہ کار بلے باز روز ٹیلر نے ایک رن بنایا تھا کہ انھیں بووما نے رن آؤٹ کیا۔

کیوی ٹیم پہلی اننگز میں 214 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تو میزبان ٹیم کو 267 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین اور کگیسو رابادا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی جلدی بازی کا شکار ہوئی اور ہاشم آملہ اورفیف ڈوپلیسی سمیت دیگرسرفہرست چھ بلے باز 105 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم کوئنٹن ڈی کوک نے 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

ڈی کوک کی نصف سنچری میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جس کے باعث جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں بڑے نقصان سے بچ گئی۔

کپتان فیف ڈوپلیسی جو پہلی اننگز میں سنچری بنا کر کامیاب بلےباز رہے تھے دوسری اننگز میں 6 رنز پر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے جبکہ ہاشم آملہ ایک رن بنا کر ٹیم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔

ٹیمبا بووما 25 اور ورنن فلینڈر 3 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو تیسرے روز کے کھیل کا اختتام کر دیا گیا تاہم جنوبی افریقہ نے 372 رنز کی واضح برتری حاصل کرلی تھی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 481 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، ڈوپلیسی 112 اور ڈومینی 88 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ڈربن میں کھیلا گیا تھا جو برابری پر ختم ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں