ٹیسٹ سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز ٹیم کا اعلان

27 ستمبر 2016
جومیل وریکن کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے—فوٹو: اےا یف پی
جومیل وریکن کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے—فوٹو: اےا یف پی

دبئی: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف اگلے ماہ سے شروع ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

ویسٹ انڈیز کی 15 رکنی ٹیم میں نوجوان باؤلرجومیل وریکن کی واپسی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ ماہ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے والے 14 کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔

24 سالہ وریکن نے 22 اکتوبر 2015 کو سری لنکا کے خلاف کولمبو میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اوراب تک ویسٹ انڈیز کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جس میں 11 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 13 اکتوبر کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ سے ہوگا جو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والے پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:آرتھر کی کھلاڑیوں کو بے رحم کارکردگی کی ہدایت

واضح رہے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان گزشتہ سال تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جاچکا ہے جس میں میزبان آسٹریلیا کو باآسانی کامیابی ملی تھے جبکہ تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ گئی تھی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ دبئی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر ویسٹ انڈیز بورڈ نے حامی بھری تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 21 اکتوبر کو ابوظہبی میں شروع ہوگا جبکہ آخری ٹیسٹ شارجہ میں 30 اکتوبر کو شروع ہوگا۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے جبکہ تیسرا اور آخری میچ منگل کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایک روزہ سیریز کا آغاز 30 ستمبر کو ہوگا۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کو دوسری شکست، سیریز پاکستان کے نام

ٹیسٹ سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

جیسن ہولڈر (کپتان)، کریگ بریتھویٹ، ڈیوندرا بشو، جیرمین بلیک ووڈ، کارلوس بریتھویٹ، ڈیرن براوو، روسٹن چیز، میگوئیل کمنز، شین ڈاؤریچ، شینن گیبرئیل، شائی ہوپ، لیون جانسن، آلزیری جوزف، مارلن سیموئلز، جومیل ویریکن

تبصرے (0) بند ہیں