ڈی ولیئرز انجری کے باعث ٹیم سے بدستور باہر

27 ستمبر 2016
ڈی ولیئرز گزشتہ دوماہ سے ٹیم سے باہر ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
ڈی ولیئرز گزشتہ دوماہ سے ٹیم سے باہر ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اورمشہور بلے باز اے بی ڈی ولیئرز کہنی کی انجری سے صحت یاب نہ ہوسکے اور فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف دونوں سیریز سے باہر ہوگئے ۔

جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کے اعلان کے مطابق اے بی ڈی ولیئرز کی بائیں کہنی علاج کے باوجود ٹھیک نہیں ہوئی ہے جس کے باعث اسٹار بلےباز آسٹریلیا کے خلاف سنچوریں میں شروع ہونے والی 5 میچوں کی ایک روزہ سیریز اور نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والی 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز سےباہر ہوگئے ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی کا کہنا تھا کہ 'اے بی ڈی ولیئرز ابھی تک صحت یاب نہیں ہوئے اورسرجری ہی طویل حل ہوسکتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کو مکمل آرام دینے، فزیواور بحالی کی کوشش کی لیکن اس کے نتائج ہماری منشا کے مطابق نہیں آئے۔

موسیٰ جی نے کہا کہ 'اگلے ہفتے کے شروع میں ڈی ولیئرز کی کہنی کی سرجری ہوگی'۔

واضح رہے 32 سالہ اے بی ڈی ولیئرز انجری کے باعث گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوئے تھے جس کے بعد آئرلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچ میں بھی شامل نہیں ہوسکے تھے۔

اے بی ڈی ولیئرز کو رواں سال ہاشم آملہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت سے مستعفی ہونے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ رواں سال دسمبر میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں ان کی واپسی کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

جنوبی افریقہ نے ڈی ولیئرز کی غیر موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی کپتان فیف ڈوپلیسی کو قائم مقام کپتان مقرر کیا تھا جو آسٹریلیا کے ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھی قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں