پاکستان نے ایشین بیچ گیمز کے کبڈی مقابلوں کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

گزشتہ چاروں فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم نے آج ہونے والے فائنل میں 30-28 سے فتح حاصل کی۔

پاکستان نے ہاف میں 16-11 سے کامیابی حاصل کی لیکن دوسرا راؤنڈ 17-14 سے ہندوستان کے نام رہا تاہم حتمی راؤنڈ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کر کے مجموعی طور پر 30-28 سے فتح حاصل کر کے پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کو 2008 اور 2010 کے فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ 2012 اور 2014 میں ایران کی ٹیم نے گرین شرٹس کو زیر کیا۔

تاہم کبڈی ایونٹ میں شرکت کے باوجود پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری حالیہ تناؤ کے سبب پاکستان کی آئندہ سات اکتوبر سے گجرات میں شروع ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہے کیونکہ انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں