پاکستان کا عالمی چمپیئن کے خلاف کلین سوئپ

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2016
پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان نے عالمی چمپیئن ویسٹ انڈیز کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں 8وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں0-3 سے کلین سوئپ کردیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 104 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان اور خالد لطیف نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 36 رنز کی شراکت قائم کی تاہم شرجیل خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد 21 رنز بنانے والے خالد لطیف 40 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

بابراعظم اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کی شراکت میں پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو 16 ویں اوور میں 8 وکتوں سے فتح دلادی۔

بابراعظم نے ناقابل شکست 27 اور شعیب ملک نے آؤٹ ہوئے بغیر 43 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ولیمز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

عماد وسیم کو شاندار کارکردگی پر سیریز اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں جب پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کے بلے باز شروع سے ہی دباؤ کا شکار نظر آئے اور پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی جب چارلس 5 رنز بنا کر عماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔

عماد وسیم نے گزشتہ میچوں کی طرح ابوظہبی میں بھی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12 کے ہی اسکور پر نئے آنے والے بلے باز والٹن کی وکٹیں اڑادیں، تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فلیچر تھے جو 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے انھیں سرفرازاحمد نے رومان رئیس کی معاونت سے رن آؤٹ کیا۔

ڈوون براوو بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 11 رنزبنا کر عماد وسیم کا شکاربنے اس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 31 رنز تھا تاہم پانچویں وکٹ کی شراکت میں پوران اور سیموئلز نے 35 رنز کی شراکت قائم کرکے ویسٹ انڈیز کو کچھ سہارا دیا لیکن پوران 16 رنز بنا 66 کے مجموعے پر محمد نواز کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

مارلن سیموئلز نے کیرون پولارڈ کے ساتھ مل کر ویسٹ انڈیز کو مشکل سے نکالنے کی کوششیں کیں لیکن ناکام رہے اور مقررہ 20 اوورز میں 103 کا مجموعہ ترتیب دے کر پاکستان کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

سیموئلز 42 اور پولارڈ 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 3 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری کی حامل پاکستانی ٹیم نے میچ کیلئے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے وہاب ریاض اور حسن علی کو آرام کراتے ہوئے محمد عامر اور رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے سیمیول بدری اور ایون لوئس کی جگہ کیسرک ولیمز اور چیڈوک والٹن کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔

پاکستان نے دبئی میں ہونے والے ابتدائی دونوں میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کی تھی اور آخری میچ میں 8 وکٹوں سے فتح کے ساتھ کلین سوئپ کردی۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا آغاز 30 ستمبر کو ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں