عماد کی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں نمایاں ترقی

28 ستمبر 2016
عماد وسیم نے حالیہ سیریز میں سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کی تھی—فائل /فوٹو: اے ایف پی
عماد وسیم نے حالیہ سیریز میں سب سے زیادہ 9 وکٹیں حاصل کی تھی—فائل /فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم، متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں 33 درجے ترقی پاتے ہوئے سرفہرست 5 باؤلرز میں شامل ہوگئے۔

پاکستان نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کو 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سوئپ کیا تھا۔

عماد وسیم نے سیریز میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خطرناک بلے بازوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا تھا اور مجموعی طورپر 9 وکٹیں حاصل کرکے سیریز کے کامیاب باؤلر رہے تھے جبکہ انھیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کی باؤلنگ کی درجہ بندی میں عماد وسیم 33 درجے ترقی پاکر چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں لیکن ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری سے صرف 5 پوائنٹس پیچھے ہیں جو دو درجے تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا عالمی چمپیئن کے خلاف کلین سوئپ

جنوبی افریقہ کے مایہ ناز اسپنر عمران طاہر ٹی ٹوئنٹی کے نمبرایک باؤلر بن گئے جبکہ وہ ایک روزہ درجہ بندی میں بھی پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں تاہم ٹیسٹ میں ان کا نمبر 38 واں ہے۔

ہندوستان کے فاسٹ باؤلر جسپریت بھمرہ باؤلنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، فہرست میں پاکستان کے سہیل تنویر نے سیریز میں 5 وکٹیں حاصل کرکے 19 درجے ترقی کی ہے اور 36 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بیٹنگ میں دواہم تبدیلیاں ہوئی ہیں جہاں ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس کی تنزلی اور شعیب ملک کی ترقی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:'اندازہ نہیں تھا کہ 0-3 سے سیریز جیتیں گے'

چارلس تین درجے تنزلی کے ساتھ 26 ویں اور شعیب ملک 10 درجے ترقی کرتے ہوئے 35 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بابراعظم 101 رنز بنا کر سیریز کے کامیاب بلے باز تھے جنھیں 201 سے 66 ویں نمبر پر جگہ ملی ہے، سیریز میں 95 رنز بنانے والے خالد لطیف بھی 26 درجے ترقی کرتےہوئے سرفہرست 100 بلے بازوں میں شامل ہوئے اور ان کا موجودہ نمبر 94 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرتھر کی کھلاڑیوں کو بے رحم کارکردگی کی ہدایت

ہندوستان کے ویرات کوہلی بیٹنگ میں بدستور نمبر ایک ہیں اور 49 درجے فرق کے ساتھ آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان سیریز میں عالمی چمپیئن کو شکست دینے کے باوجود 111 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہی موجود ہے تاہم ویسٹ انڈین ٹیم ایک درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی کی سرفہرست ٹیم ہے، دوسرے نمبر پر ہندوستان اور تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ موجود ہے، پانچویں نمبر پر آسٹریلیا اور چھٹا نمبرانگلش ٹیم کا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں