پاکستان کی پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کوشکست

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2016
بابر اعظم نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ فوٹو اے ایف پی
بابر اعظم نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔ فوٹو اے ایف پی

شارجہ: پاکستان نے بابراعظم کی شاندار سنچری اور باؤلرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت تین میچوں کی سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ویسٹ انڈیز نے 285 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 27 کے اسکور پر جانسن چارلس کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جو 20 رنز بنا کر محمدعامر کا شکار بنے جس کےبعد کریگ بریتھویٹ اور ڈیرن براوو نے اسکور کو 41 رنز تک پہنچادیا لیکن بریتھویٹ 14 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیرن براوو تھے جو 12 رنز بناکر 54 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز نے ویسٹ انڈیز کے مڈل آرڈر بلے بازوں کو وکٹ پر ٹھہرنے نہ دیا اور تین بلے بازوں کو جلد ہی آؤٹ کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔

نواز نے دنیش رامدین اور کیرون پولارڈ کو بھی آؤٹ کیا جو بالترتیب 8 اور 9 رنز بنا سکے۔

کپتان جیسن ہولڈر کو عماد وسیم نے ایک رن پر پویلین بھیج دیااس وقت ویسٹ انڈیز کا اسکور 27 ویں اوور میں 103 رنز تھا اور جیت کے لیے مزید 181 رنز درکار تھے اور جب کارلوس بریتھویٹ 15 رنز بنا کر کھیل رہے تھے تو محمد نواز نے انھیں بھی آؤٹ کردیا۔

انگلینڈ کے خلاف آخری ایک روزہ میچ سے باہر ہونے والے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے پاکستان کو آٹھویں وکٹ دلادی اور وکٹ پر جم کر کھیلنے والے مارلن سیموئلز کی وکٹیں 135 کے اسکور پراڑا دیں۔ وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ 46 رنز بنانے والے بلے باز تھے۔

سنیل نرائن کی مزاحمت بھی دیر پا ثابت نہ ہوسکی اور 23 رنز بنا کر حسن علی کی بہترین باؤلنگ کےسامنے دم توڑ گئی، جس کے بعد آخری وکٹ 175 رنز پر گری جب شینن گیبرئیل کی وکٹیں حسن علی نے اڑادی یوں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 111 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر برتری حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کے سلیمان بین 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے افتتاحی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 284 رنز بنالیے تھے۔

شارجہ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور پہلی ہی گیند پر اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

نئے بلے باز بابر اعظم نے شرجیل کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے 82 رنز جوڑے جس میں شرجیل کا حصہ 54 رنز تھا جنہوں نے اس اننگ کے دوران تین چھکے اور چھ چوکے لگائے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان شرجیل کی صورت میں اٹھانا پڑا جو سلیمان بین کی وکٹ بنے۔

انگلینڈ کے خلاف فتح گر اننگ کھیلنے والے شعیب ملک اس مرتبہ صرف چھ رنز بنانے کے بعد پویلین سدھار گئے۔

93 رنز پر تین وکٹوں سے محروم پاکستانی ٹیم کو سرفراز احمد اور بابر نے سنبھالا دیا اور 99 رنز کی شراکت قائم کر کے 192 رنز تک پہنچا دیا۔

سرفراز 35 رنز بنانے کے بعد جیسن ہولڈر کو وکٹ دے بیٹھے حالانکہ ری پلے میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا تھا کہ جیسن ہولڈر کی گیند نوبال تھی۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 120 گیندوں پر ایک روزہ کرکت میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔

محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹوں پر قیام نہ کر سکے اور وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے۔

بابر نے سنچری کی تکمیل کے بعد جارحانہ انداز اپنایا لیکن دو چھکے لگانے کے بعد ایسی ہی تیسری کوشش میں وہ کیرون پولارڈ کے ناقابل یقین کیچ کے سبب پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

نوجوان بلے باز نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے۔

محمد نواز اور عماد وسیم نے 45ویں اوور کی تیسری گیند تک اسکور کو 260 تک پہنچایا ہی تھا کہ میدان میں فلڈ لائٹ کے مسائل کے سبب میچ کو روک دیا گیا۔

روشنی کے مسائل کے سبب میچ ایک گھنٹے سے زائد رکا رہا جس کے بعد میچ کو 49 اوورز فی اننگ تک محدو کر دیا گیا تھا۔

عماد وسیم اور محمد نواز نے میچ کے شروع ہونے کے بعد بیٹنگ جاری رکھی تاہم عماد وسیم 24 رنز بنانے کے بعد 269 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز آؤٹ ہونے والے نوویں بلے باز تھے جو 19 رنز بنا کر بریتھویٹ کا شکار بنے۔

پاکستان نے 49 اوورز میں 9 وکٹیں کھو کر ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دے دیا۔

محمد عامر 3 اور حسن علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 2 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھویٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم نے میچ کیلئے کریگ بریتھ ویٹ کو ڈیبیو کرایا ہے جبکہ پاکستان نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عمر گل کی جگہ وہاب ریاض کو موقع دیا تھا۔

اظہر علی نے کہا کہ ایک روزہ کرکٹ آگے جا چکی ہے اور ہمیں بحیثیت یونٹ بہتری لانی ہو گی، امید ہے کہ مستقبل قریب میں ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شرجیل، بابر اعظم، محمد رضوان، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد نواز، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی۔

ویسٹ انڈیز: جیسن ہولڈر(کپتان)، کریگ بریتھ ویٹ، جانسن چارس، ڈیرن براوو، مارلن سیمیولز، دنیش رامدین، کیرون پولارڈ، جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھ ویٹ، سنیل نارائن، سلیمان بین اور شینن گیبریئل۔

تبصرے (0) بند ہیں