'حالات چاہے کچھ بھی ہوں، پاکستان بھارت کرکٹ کھیلیں'

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2016
یونس خان دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے سے چند سو رنز کے فاصلے پر ہیں۔ فائل فوٹو اے ایف پی
یونس خان دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے سے چند سو رنز کے فاصلے پر ہیں۔ فائل فوٹو اے ایف پی

مایہ ناز پاکستانی بلے باز یونس خان نے عالمی نمبر ایک اور دو بھارت اور پاکستان کو دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو ایک طرف رکھ پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

جمعرات کو دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں دوبارہ پاکستان میں ہندوستان سمیت دنیا کی تمام بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل سکوں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان اس وقت کرکٹ کے بے تاج بادشاہ ہیں جس میں سے ایک نمبر ایک اور دوسری ٹیم نمبر دو ہے لہٰذا دونوں ملکوں میں حالات چاہے کچھ بھی ہوں اسے ایک طرف رکھ کر کرکٹ کھیلنی جانی چاہیے، لوگ انہیں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اس کے بعد دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کے سبب مکمل سیریز کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔

پاکستان نے ایک مختصر سیریز کیلئے 2012 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا لیکن ایک بار پھر دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تاہم اس صورتحال کے باوجود یونس کا ماننا ہے کہ ہندوستان پاکستان میچ کا کوئی ثانی نہیں اور اس کا انعاد ضرور ہونا چاہیے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز نے کہا کہ جب لبھی بھی ہم ہندوستان میں کھیلے تو لوگوں نے بے مثال دلچسپی سے میچ دیکھا اور اسے خطے میں کھیل کو بہت پذیرائی ملی لہٰذا اسے مستقل بنیادوں پر کھیلا جانا چاہیے۔

2014 میں ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ چھ سیریز کھیلنے کے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے تھے تاہم ہندوستان نے اس بات کا پاس نہ رکھا اور اور سیریز کھیلنے سے مستقل انکاری ہے۔

بیماری کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے محروم رہنے والے یونس خان دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے سے چند سو رنز کے فاصلے پر ہیں۔

نو ہزار 456 رنز بنانے بلے باز کی جمعے سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ریکارڈز کے پیچھے نہیں بھاگتا اور یقین ہے کہ مستقبل قریب میں یہ اعزاز حاصل کر لوں گا۔

تبصرے (0) بند ہیں