یاسر کی 10وکٹیں، ابوظہبی ٹیسٹ اور سیریز پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2016
یاسر شاہ اب تک دوسری اننگ میں پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
یاسر شاہ اب تک دوسری اننگ میں پانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں یاسر شاہ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 133 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

ابوظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن ویسٹ انڈین ٹیم میدان میں اتری تو اسے فتح کیلئے 285 رنز درکار تھے جبکہ پاکستان کو میچ اور سیریز اپنے نام کرنے کیلئے مزید چھ وکٹوں کی ضرورت تھی۔

ویسٹ انڈیز نے 171 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو پاکستان کو کامیابی کیلئے زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور 187 کے اسکور پر یاسر شاہ نے روسٹن چیز کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

اس موقع پر جیمز بلیک وڈ اور کپتان جیسن ہولڈر نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز جوڑے لیکن اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ یاسر نے بلیک وڈ کی وکٹیں بکھیر کر کیا جنہوں نے 95 رنز بنائے۔

ہولڈر سے بھی اپنے ساتھی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی یاسر کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

شائی ہوپ اور دویندرا بشو نے آٹھویں وکٹ کیلئے 45 رنز جوڑے لیکن ان کی یہ کاوش محض فتح کو چند اوورز تک ٹال سکی، ذوالفقار بابر نے 41 رنز بنانے والے ہوپ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔

اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے میگوئل کمنز کو آؤٹ کر کے میچ میں دس وکٹ لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان کو آخری وکٹ کیلئے زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑا اور ذوالفقار نے کپتان مصباح الحق کو بشو کی مدد سے قابو کر کے ویسٹ انڈین ٹیم کو 322 رنز پر ٹھکانے لگا دیا اور پاکستان نے 133 رنز سے فتح اپنے نام کر کے سیریز میں بھی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

یاسر شاہ نے دوسری اننگ میں چھ وکٹوں سمیت مجموعی طور پر میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں