کراچی میں بھی اوبر رکشہ سروس شروع
کراچی سیر و سیاحت کے لیے یقیناََ ایک منفرد اور بہترین شہر ہے، اور اسی خصوصیت کو نظر میں رکھتے ہوئے ‘اوبر‘ نے ٹیکسی کے بعد اب کراچی میں رکشہ سروس بھی شروع کردی ہے، ‘اوبر‘ پہلے ہی 500 مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔
ٹریفک جیسے مسائل میں گھرے اس شہر میں آپ کہیں بھی ہوں، ‘اوبر’ کی خصوصی ایپ پر رکشہ کی ضرورت کی نشاندہی کریں، اوبر کا رکشہ چند منٹوں میں آپ کے پاس ہوگا، اوبر رکشے کی سروس استعمال کرنے کے بدلے آپ نقدی سمیت کارڈ کے ذریعے بھی کرایہ دے سکتے ہیں۔
جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ‘اوبر’ رکشہ کو آپ کراچی کے کسی بھی علاقے میں ایپ پر درخواست بھیج کر بلا سکتے ہیں، اور اوبر رکشہ آپ کو کراچی کے ایک سے دوسرے کونے تک پہچائے گا۔
‘ اوبر’ رکشہ نہ صرف عام لوگوں کے لیے سفر کا سستا اور معیاری آپشن ہے، بلکہ اوبر رکشے کے ذریعے رکشہ ڈرائیورز بھی زیادہ سے زیادہ کرائے داروں کو منزل پر پہنچا کر اپنی کمائی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
‘اوبر’ رکشے کی سروس دیگر رکشوں کے مقابلے میں قدرے سستی لگتی ہے، مثال کے طور پر ‘اوبر‘ رکشے والے ایٹریم شاپنگ مال سے برنس روڈ تک 50 روپے کرایہ وصول کر رہے ہیں، ایسے ہی آئی بی اے سٹی کیمپس سے نیشنل اسٹیڈیم تک 50 روپے، حیدری مارکیٹ سے بہادر آباد تک 60 روپے اور آغا خان اسپتال سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک 65 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔
‘اوبر’ کا رکشہ ضرورت پڑنے پر کس طرح بلایا جائے؟
اوبر رکشہ ضرورت پڑنے پر کہیں بھی بلایا جا سکتا ہے،اس کے لیے آپ کو درج ذیل چند باتیں اپنانی پڑیں گی۔
1 - سب سے پہلے اپنے موبائل فون میں ‘اوبر’ کی ایپ ڈائون لوڈ کریں.
2 - ‘اوبر’ کی ایپ میں پرومو کوڈ ڈالیں.
3 - ایپ پر ‘اوبر’ آٹو کے آپشن میں جائیں.
4 - جہاں آپ موجود ہوں یا جہاں سے آپ کو رکشے میں بیٹھنا ہو، اس جگہ کی درست ایڈریس ڈال کر رکشہ کے لیے درخواست بھیجیں۔
کراچی میں اوبر رکشے کو متعارف کراتے ہوئے انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 27 نومبر تک 75 روپے تک کی 5 سواریاں مفت حاصل کی جا سکتی ہیں۔