افغانستان: 'طالبان کے حملوں میں 23 شہری ہلاک'
قندھار: افغان پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ قندھار میں طالبان جنگجوؤں نے 23 شہریوں کو ہلاک کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہلاکتیں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہوئی ہیں۔
افغان پولیس عیدہدار جنرل عبدالرزاق نے بتایا کہ طالبان نے ضلع ناش کے متعدد علاقوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا۔
انھوں نے اس حوالےسے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان اور داعش کے درمیان معاہدہ، روس کے خدشات
تاہم انھوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کچھ روز سے ضلع ناش میں جاری فوجی آپریشن کے دوران 29 طالبان جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس دوران 6 افغان سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔
خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے افغان پولیس حکام کے دعوؤں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
افغان حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کیے جاتے رہے ہیں کہ افغانستان میں حکومت کے خلاف سورش کے ذمہ دار طالبان عام شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
دوسری جانب افغان طالبان نے حکومت کے ان دعوؤں کی تردید کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کی لڑائی غیر ملکی افواج اور ان کے ہمدردوں کے خلاف ہے اور غیر ملکی افواج کے انخلا تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: افغان صوبے قندوز کے اہم ضلع پر طالبان کا قبضہ
دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلا کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران افغان طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔