ریجنٹ پلازا میں جانی نقصان پر کھلاڑی افسردہ

05 دسمبر 2016
کھلاڑی ریجنٹ پلازا میں آگ لگنے کے بعد یوبی ایل ٹیم کے کپتان شان مسعود کے گھر منتقل ہوئے:فوٹو:عماد حمید ٹویٹر
کھلاڑی ریجنٹ پلازا میں آگ لگنے کے بعد یوبی ایل ٹیم کے کپتان شان مسعود کے گھر منتقل ہوئے:فوٹو:عماد حمید ٹویٹر

کراچی کے مقامی ہوٹل ریجنٹ پلازا میں لگنے والی آگ سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں میں دو کھلاڑی بھی شامل ہیں جس پر قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں سمیت کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے ٹویٹر پر افسوس کا اظہار کیا۔

قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ راؤنڈ کے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یوبی ایل) اور حبیب بینک لمیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا اور یو بی ایل کے دس کھلاڑی جبکہ سوئی ساؤدرن گیس کارپوریشن کے عمر امین بھی ریجنٹ پلازہ میں قیام پذیر تھے۔

یوبی ایل ٹیم کے منیجر ندیم خان کی درخواست پر حکام نے میچ کو منسوخ کر کے دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا۔

ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے کے دوران آل راؤنڈر یاسم مرتضیٰ نے دوسری منزل سے پہلی منزل پر چھلانگ ماری جس سے ان کی ایڑھی میں فریکچر ہو گیا ہے جبکہ 20 سالہ لیگ اسپنر کرامت علی کے ہاتھ میں چوٹ آئی۔

تاہم ٹیم کے دیگر کھلاڑی محفوظ رہے لیکن انھیں بعد میں آکسیجن فراہم کی گئی کیونکہ دھوئیں کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے ان کی حالت غیر ہو چکی تھی۔

متاثرہ کھلاڑی ابتدائی چیک اپ کے بعد یو بی ایل کے کپتان شان مسعود کے گھر پر مقیم ہیں۔

ندیم خان نے بتایا کہ تمام کھلاڑی محفوظ لیکن صدمے کی حالت میں ہیں اور اس وجہ سے وہ میچ میں شرکت کرنے کے قابل نہیں تھے، ہماری ٹیم ذہنی طور پر مفلوج اور مزید میچ نہیں کھیل سکتی۔

اس واقعے کے بعد سہیل تنویر، احمد شہزاداور جنید خان سمیت قومی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جانی نقصان پر صدمے کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کو بڑا نقصان نہ پہنچنے پر شکر ادا کیا۔

قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

پاکستان ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان نے اپنے ٹویٹ پر جاں بحق افراد کے لیے مغفرت کی دعا کی۔

آل راؤنڈر سہیل تنویر نے کھلاڑیوں کی حفاظت پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

بی پی ایل میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش میں موجود احمد شہزاد نے ہوٹل میں موجود دیگر لوگوں کی سلامتی کی دعا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔

قومی ٹیم کے سابق اوپنر محمد وسیم نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہارکیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کی مکمل تفتیش نہ ہونے پر سخت غصے کا اظہار کیا۔

صحافی عماد حمید کھلاڑیوں کے حوالے سے وقتا فوقتاً ٹویٹ کے ذریعے آگاہ کرتے رہے جبکہ یوبی ایل کی ٹیم کی کپتان شان مسعود کے گھر منتقلی اور شان مسعود کی میزبانی کی تعریف کی۔

تبصرے (0) بند ہیں