• KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am
  • KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am

’بھارت جوہری آبدوزوں کی تیاری میں مصروف‘

شائع December 13, 2016

وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری برائے (اقوام متحدہ و اکنامک کوآپریشن) تسنیم اسلم کا دعویٰ ہے کہ بھارت جوہری آبدوزوں کی تیاری میں مصروف ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک سینمار سے خطاب کے دوران تسنیم اسلم نے کہا کہ بھارت اپنے ایٹمی ذخائر میں روز بروز اضافہ کررہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسی صورتحال میں پاکستان کے پاس اپنے دفاع کے لیے تیار رہنے کے علاوہ اور کوئی آپشن موجود نہیں‘۔

تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان ضرورت سے زیادہ جوہری ہتھیار نہ رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارت نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جبکہ انڈین قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: گوادر کے سمندری راستوں کی حفاظت خصوصی دستے کے سپرد

ایڈیشنل سیکریٹری نے خبردار کیا کہ اگر بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت دی گئی تو خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا۔

تسنیم اسلم کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب گزشتہ روز بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر الزامات کی برسات کی تھی اور کہا تھا کہ ’ اگر سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی ختم نہیں ہوتی تو جلد ہی پاکستان جلد 10 حصوں میں بٹ جائے گا‘۔

ایڈیشنل سیکریٹری تسنیم اسلم نے نشاندہی کی کہ بھارت پاکستان پر غیر ریاستی دہشت گردی کا الزام لگاتا ہے لیکن پاکستان تو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے، جس کے پاکستان کے پاس ثبوت بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ’را‘ کے ذریعے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش

تسنیم اسلم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی حوصلہ شکنی اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت میں روہڑے اٹکائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود پاکستان کی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں موجودگی سے افغانستان میں امن کے قیام کے عزم کی تجدید ہوئی جبکہ بھارت کی جانب سے ہارٹ آف ایشیا کو ہائی جیک کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں اور نہ ہی کوئی بیک ڈور رابطے ہیں، دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاک بحریہ نے پاکستانی سمندری علاقے میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگا کر انھیں اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔

پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ 'پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے پاکستان کے سمندری علاقے کے جنوب میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اس کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا'۔

مزید کہا گیا تھا کہ 'پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا، نیوی فلیٹ یونٹس نے آبدوز کا مسلسل تعاقب کیا اور اُسے پاکستانی پانیوں سے دور دھکیل دیا'۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا رہا ہے۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کی جانب سے درجنوں مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس میں متعدد پاکستانی شہری اور فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

پاکستان نے کشمیر کی حالیہ صورتحال پر ہندوستان کو مذاکرات کی کئی بار دعوت دی تاہم انڈیا نے کشمیر پر مذاکرات سے صاف انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیاہوا ہے کہ وہ صرف دہشتگردی پر بات کرے گا۔


کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024