ڈی ویلیئرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2017
ڈی ویلیئرز ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈی ویلیئرز ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کے ذریعے ڈی ویلیئرز کی چھ ماہ سے زائد عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ شاندار ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے 20 سالہ باؤلر لنگی نگیدی کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے اے بی ڈی یولیئرز کی جنوبی افریقی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو کہنی کی انجری کے سبب گزشتہ سال جون سے اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے۔

ابتدائی دو ٹی20 میچوں میں چھ وکٹیں لے کر کیریئر کا یادگار آغاز کرنے والے 20 سالہ جنوبی افریقی باؤلر لنگی نگیدی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ گھٹنے کی انجری کے سبب آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں حصہ نہ لینے والے کرس مورس کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف 5-0 سے کلین سوئپ کرنے والے اسکواڈ میں سب سے بڑی تبدیلی رلی روسو اور کائل ایبٹ کا اخراج ہے جنہیں کولباک ڈیل پر دستخط کرنے اور ملک پر کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دینے پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں پروٹیز کو اپنے سرفہرست باؤلرز ڈیل اسٹین اور مورنے مورکل کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ دونوں ہی فاسٹ باؤلرز بالترتیب کندھے اور کمر کی انجری میں مبتلا ہیں۔

تین میچوں کی سیریز کیلئے جنوبی افریقی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز(کپتان)، ہاشم آملا، کوئنٹن ڈی کوک، فرحان بہارڈین، جین پال ڈومینی، فاف ڈیو پلیسی، ڈیوڈ ملر، عمران طاہر، تبریز شمسی، کرس مورس، وین پارنیل، لنگی نگیدی، ایندائل فیلکوایو، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا۔

28 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز کا پہلا میچ پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دونوں میچ بالترتیب ڈربن اور جوہانسبرگ میں ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں