اگر موبائل پانی میں گرجائے تو کیا کرنا چاہئے؟ درحقیقت کئی بار تو چند قطرے یا ہوا میں نمی کا اضافہ بھی اس ڈیوائس میں مسائل کا باعث بن جاتے ہیں۔

ویسے تو اس کا بہترین آپشن وارنٹی ہونے پر ٹھیک کروانا ہے تاہم جب یہ آپشن نہ ہو تو کیا کرنا چاہئے؟

یہاں ایسی ٹرکس دی جارہی ہیں جو فون کو کسی حد تک دوبارہ کام کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

فون کو پانی سے نکالیں

فون کو جتنا جلد ہوسکے پانی سے نکالیں اور فوری طور پر سوئچ آف کردیں۔ پانی چند سیکنڈوں میں فون کے مختلف حصوں میں پہنچ جاتا ہے تو اسے اس وقت تک آن نہ کریں جب تک یقین نہ ہو کہ وہ اندر سے خشک ہوچکا ہے، پانی اندر ہونے پر فون آن کرنے سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ ہوتا ہے جس کے بعد وہ لگ بھگ ناکارہ ہی ہوجاتا ہے۔

بیٹری نکال کر صفائی

جیسے ہی فون کو پانی سے نکالیں تو بند کرکے اس کا کیس ہٹائیں اور بیٹری نکال لیں، اس سے اندرونی سرکٹ کے نقصان کو کم از کم کرنے میں مدد ملے گی، احتیاط سے کسی نرم کپڑے سے فون کے اوپری اور اندرونی حصے کو صاف کریں۔

سم کارڈ نکال لیں

فون کا سم کارڈ نکال کر اسے کپڑے سے اوپری طور پر خشک کریں اور اندرونی طور پر خشک کرنے کی کوشش اس وقت تک کریں جب تک استعمال کے قابل نہ ہوجائیں۔

دیگر اشیاءنکال لیں

ائیرفونز، میموری کارڈ اور دیگر چیزیں جو ہولز کو کور کرتی ہوں انہیں نکال دیں۔

ویکیوم کلینر سے مدد لیں

اگر آپ کے پاس ویکیوم کلینر ہے تو اس سے بھی پانی کو فون سے باہر نکالنے میں مدد مل سکتی ہے، فون سے مناسب فاصلے پر ویکیوم کلینر کو رکھ کر بیس منٹ تک ہر جگہ چلائیں اور یہ عمل دونوں جانب کریں۔

چاول کو آزمائیں

موبائل فون کو کچے چاولوں کے ایک ڈونگے میں ڈال کر ڈبو دیں۔ یہ عمل دو سے تین دن لیتا ہے مگر پانی میں جانے کے بعد جلد بازی بھی کوئی فائدہ مند نہیں ہوتی، چاول اس نمی کو چوس لیں گے جو آپ کی ڈیوائس کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ یہ یاد رکھیں کہ پانی جانے کی صورت میں کبھی اپنی ڈیوائس کو ہیئر ڈرائر یا کسی اور طریقے سے گرم کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے اندر پرزے پگھلنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

سلیکا جیل بھی فائدہ مند

اگر چاول نہیں استعمال کرنا چاہتے تو جوتوں یا کپڑوں وغیرہ کے ساتھ آنے والے سلیکا جیل کے بیگز کو کھول کر فونز کو ان میں ڈال دیں، ایسا کرنے کے ابتدائی چھ گھنٹے کے دوران ہر گھنٹے فون کو دیکھتے رہیں اور اگر اس کی سطح پر نمی نظر آئے تو نرم کپڑے سے صاف کردیں۔

فون کو کب چیک کریں؟

کم از کم چوبیس گھنٹے بعد اپنے فون کا جائزہ لیں اور دیکھیں کہ وہ خشک نظر آتا ہے یا نہیں، اس کی تمام پورٹس اور دیگر جگہوں کو دیکھیں، اگر ڈیوائس خشک اور صاف نظر آرہی ہے تو پھر بیٹری واپس لگا کر اسے آن کریں۔ آن کرتے ہوئے عجیب سے آوازوں پر توجہ مرکوز کریں، اگر کچھ سنائی دے تو اس کا مطلب ہے کہ فون خراب ہوچکا ہے۔

فون نہ چلیں تو پھر؟

اگر تو فون خشک نظر آنے کے باوجود آن نہیں ہورہا تو یہ بیٹری ختم ہونے کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے تو اسے چارج کریں اور پھر آن کریں، اگر پھر بھی مدد نہ ملیں تو پھر ضروری ہے کہ کسی ریپئرنگ کرنے والے سے مدد لیں اور خود اسے کھولنے کی کوشش نہ کریں۔

تصاویر بشکریہ وکی ہاؤ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں