آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے 77ویں یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانیوں کو متحد ہو کر ملک دشمنوں اور فسادیوں سے لڑنے کا پیغام دے ڈالا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ویڈیو پیغام میں پاکستانیوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کا عہد کریں۔

پیغام میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ '23 مارچ 1940 کو ہم نے پاکستان بنانے کا عہد کیا اور ہم کامیاب ہوئے، آئیے آج پھر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو فسادیوں سے پاک کریں گے، کیونکہ یہ ہے ہم سب کا پاکستان'۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی آئی ایس پی آر نے یوم پاکستان کی مناسبت سے 'ہم سب کا پاکستان' نامی نغمہ جاری کیا تھا۔

لہو گرما دینے والے اس نغمے کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ 'پاکستانی قوم سخت جان ہے اور کوئی بھی طاقت 'ہمارے پاکستان' کو نقصان نہیں پہنچاسکتی'۔

یوم پاکستان کے موقع پر ریلیز کیے گئے اس خصوصی گانے میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز ہی سے یوم پاکستان کی خصوصی پریڈ کے لیے پاک فوج کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

رواں برس کی پریڈ میں دوست ملک چین کے فوجی دستے اور ترکی کے ملٹری بینڈز بھی شرکت کریں گے اوراس کی رونق میں اضافہ کریں گے۔

مزید پڑھیں: 'چینی اور ترک فوجی بھی یوم پاکستان پریڈ کا حصہ ہوں گے'

ہر سال کی طرح اس برس بھی پریڈ کا انعقاد اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہوگا۔

یاد رہے کہ یوم پاکستان تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد دلاتا ہے۔

75 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی تھی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں