بنگلہ دیش کی سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں شکست

25 مارچ 2017
تمیم اقبال نے 127 رنز بنا کر ٹیم کو ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا—فوٹو: اے ایف پی
تمیم اقبال نے 127 رنز بنا کر ٹیم کو ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش نے تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو 3 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 90 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

دمبولا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا مہمان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

تمیم اقبال نے سومیا سرکار کے ساتھ پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن سومیا سرکار 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم صابر رحمٰن نے نصف سنچری بناتے ہوئے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور کو 119 تک پہنچادیا۔

صابر رحمٰن 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد مشفق الرحیم بھی آؤٹ ہوئے لیکن اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 72 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور کو 264 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

شکیب الحسن نے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 72 رنز بنائے، انھیں سرنگا لکمل نے آؤٹ کیا۔

تمیم اقبال 48 ویں اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا اسکور 289 رنز تھا جس کے بعد مصدق حسین نے 9 گیندوں پر 24 اور محموداللہ نے 13 رنز بنا کر اسکور کو 324 رنز تک پہنچادیا۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 324 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں:'پاکستان میں پلیئرزایسوسی ایشن کیلئے کوشش کریں گے'

سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں گناتھیلاکا صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ بعد میں آنے والے بلے باز بھی خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔

کپتان تھرنگا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم چندی مل اور گنارتنے نے 56 رنز کی شراکت میں ٹیم کی جیت کی امیدیں بحال رکھیں لیکن شکیب الحسن نے اس امید کو 87 کے اسکور پر توڑتے ہوئے سری لنکا کی چوتھی وکٹ بھی گرادی۔

چندی مل 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاتھیرانا نے 31 اور سری وردنے22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تھیسارا پریرا نے ایک مشکل وقت میں 55 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا لیکن جب تک دیر ہوچکی تھی۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 46 ویں اوور کی پہلی گیند پر 234 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے ساتھ ہی میچ میں 90 رنز سے شکست ہوئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن نے 3، مشرفی مرتضیٰ اور مہدی حسن میراز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

تمیم اقبال کو شاندار بلےبازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان سیریز کا دوسرا میچ 28 مارچ کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں