ہولی وڈ اداکار 69 برس کی عمر میں والد بن گئے

اپ ڈیٹ 14 فروری 2019
دونوں دوسری بار والدین بنے ہیں—فوٹو: آگس برگر الیگج مین
دونوں دوسری بار والدین بنے ہیں—فوٹو: آگس برگر الیگج مین

بدھ مت پر یقین رکھنے والے ہولی وڈ کے امریکی گلوکار رچرڈ گیئر 69 سال کی عمر میں دوسری بار والد بن گئے۔

رچرڈ گیئر کے ہاں 19 سال کے وقفے کے بعد بچے کی پیدائش ہوئی، اس سے قبل ان کے ہاں 2000 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

رچرڈ گیئر کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ان کی تیسری اہلیہ 35 سالہ الینجندرا سلوا سے ہوئی، جن سے انہوں نے اگست 2018 میں شادی کی تھی۔

الیجندرا سلوا سے قبل رچرڈ گیئر کی 2 شادیاں ناکام ہوچکی ہیں۔

رچرڈ گیئر نے پہلی شادی 1991 میں سپر ماڈل کنڈی کرافورڈ سے کی تھی جو محض 4 سال تک ہی چل سکی۔

ایوارڈ یافتہ اداکار رچرڈ گیئر نے دوسری شادی اداکارہ کرے لوول سے کی، جن سے انہیں 2000 میں بیٹا ہوا۔

رچرڈ گیئر کی دوسری شادی بھی 2013 میں طلاق پر ختم ہوگئی، جس کے بعد اداکار نے اسپینش اداکارہ الیجندرا سلوا کے ساتھ تعلقات استوار کیے۔

شادی کے ایک ماہ بعد ہی جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے—فوٹو: انسٹاگرام
شادی کے ایک ماہ بعد ہی جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے—فوٹو: انسٹاگرام

ہولی وڈ اداکار اور اسپینش اداکارہ نے 5 سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد اگست 2018 میں شادی کی تھی۔

جہاں رچرڈ گیئر کی یہ تیسری شادی تھی، وہیں الیجندرا سلوا کی بھی یہ دوسری شادی تھی اور اب دونوں دوسری مرتبہ والدین بنے ہیں۔

شادی کے ایک ماہ بعد ہی جوڑے نے اعلان کیا تھا کہ ان کےہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

ہیلو میگزین کے مطابق رچرڈ گیئر نے اپنے بیٹے کا نام الیگزینڈر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ رچرڈ گیئر امریکی ریاست پنسلوانیا میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1960 کے بعد اداکاری کی شروعات کی۔

رچرڈ گیئر اب تک 60 سے زائد فلموں اور متعدد ٹی وی ڈراموں میں کردار ادا کر چکے ہیں۔

بیوی کے حاملہ ہونے کے بعد اداکار دلائی لامہ سے ملنے تبت بھی گئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام
بیوی کے حاملہ ہونے کے بعد اداکار دلائی لامہ سے ملنے تبت بھی گئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام

شاندار اداکاری پر انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔

رچرڈ گیئر مذہبی حوالے سے بدھ مت کے پیروکار ہیں، ابتدائی طور پر وہ میتھوڈسٹ مسیحی تھے۔

متنازع مذہبی خیالات اور سیاسی نطریوں کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

رچرڈ گیئر نے آسکر، اسکرین گلڈ اور گولڈن گلوب سمیت دیگر ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔

دونوں کی عمر میں 34 سال کا فرق ہے—فوٹو: ڈیر بنڈ
دونوں کی عمر میں 34 سال کا فرق ہے—فوٹو: ڈیر بنڈ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں