متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے باعث ارشد وہرہ کی نا اہلی کے بعد کراچی میں ہونے ڈپٹی میئر کے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے اُمید وار ارشد حسن نے کامیابی حاصل کرلی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی میئر کراچی کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ارشد حسن نے 194 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی مد مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے کرم اللہ وقاصی نے 78 ووٹ حاصل کیے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی میئر کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب میں 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

مزید پڑھیں: پارٹی وفاداری بدلنے پر کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نااہل قرار

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی سید صلاح الدین کی نگرانی میں ڈپٹی میئر کراچی کے انتخابات ہوئے جبکہ ووٹنگ کونسل ہال بلدیہ عظمیٰ میں بغیر کسی وقفے کے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

یاد رہے کہ یہ نشست سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جنہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پارٹی تبدیل کرنے پر نا اہل قرار دے دیا تھا۔

30 اگست 2016 کو کراچی کے نو منتخب ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

واضح رہے کہ 29 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور اس وقت کے کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سکیش 36 کے، کے تحت ارشد وہرہ کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

یہ مزید پڑھیں: ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ارشد وہرہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوئے تھے اور اب انہوں نے اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کر لی تاہم انہیں ڈپٹی میئر کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

23 مارچ 2019 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان سے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے پر کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

ارشد وہرہ کون ہیں؟

ایم کیو ایم کے سابق ڈپٹی میئر کا پورا نام ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ ہے۔

وہ 16 جولائی 1958 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ڈپٹی میئر منتخب ہونے سے پہلے وہ سندھ اسمبلی کے رکن تھے۔

انہوں نے کراچی کے حلقہ پی ایس 115 سے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

ارشد وہرہ کا تعلیمی کیریئر بھی شاندار ہے اور وہ بیرون ملک سے بھی متعدد ڈگریاں حاصل کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ارشدوہرہ نے کراچی کے ڈپٹی میئر کا حلف اٹھالیا

انہوں نے کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی سے کیمیکل انجینئرنگ میں گریجویشن کیا جبکہ برطانوی یونیورسٹی سے ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

پیشے کے لحاظ سے وہ ایک تاجر ہیں اور سندھ اسمبلی کا رکن بننے سے پہلے ارشد وہرہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین بھی رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں